1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جوہری طاقت کا حامل شمالی کوریا قبول نہیں: امریکہ

خبر رساں ادارے31 مئی 2009

امریکہ نے خبردار کیا ہے کہ جوہری طاقت رکھنے والے شمالی کوریا کو تسلیم نہیں کیا جائے گا۔ دریں اثناء اطلاعات کے مطابق شمالی کوریا، بین براعظمی میزائل تجربوں کی تیاریوں میں مصروف ہے۔

https://p.dw.com/p/I0mQ
رابراٹ گیٹس نے کہا کہ وہ شمالی کوریا کو ایک جوہری طاقت کے طور پر قبول نہیں کریں گے۔تصویر: AP

امریکی وزیر دفاع رابرٹ گیٹس نے سنگا پور میں جاری ایشیا سیکورٹی کانفرنس کے دوسرے دن ، پیانگ گیانگ کو تنبیہ کی کہ وہ کسی دوسرے ملک کو جوہری مواد منتقل نہ کرے۔ رابرٹ گیٹس نے کہا کہ امریکہ کا مقصد بہت صاف اور واضح ہے کہ کوریائی علاقوں کو جوہری ہتھیاروں سے پاک بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وہ شمالی کوریا کو ایک جوہری طاقت کے طور پر قبول نہیں کریں گے۔

رابرٹ گیٹس نے کانفرنس سے خطاب کے دوران مزید کہا کہ شمالی کوریا کی طرف سے ایسے تجربے کرنے سے ایشیا میں ہتھیاروں کے حصول کے لئےایک جنگ شروع ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر شمالی کوریا نے جوہری مواد کسی دوسرے ملک کو منتقل کیا تو واشنگٹن حکومت، اس بات کا احتساب کرے گی۔ کئی ماہرین کا ماننا ہے کہ شمالی کوریا نے پاکستان سمیت مشرق وسطی میں میزائل ٹیکنالوجی مہیا کرنے کے عوض لاکھوں ڈالرز کمائے ہیں۔

Nordkorea Kurzstreckenrakete Test
شمالی کوریا کی طرف سے مزائل تجربوں سے علاقے میں ہتھیاروں کے حصول کی جنگ شروع ہو سکتی ہےتصویر: AP

اقوام متحدہ شمالی کوریا پر پابندیاں عائد کرنے پر غور کر رہا ہے تاہم دوسری طرف کیمونسٹ ملک کوریا نے دھمکی دی ہے کہ ان کی طرف سے کئے گئے تجربوں کی وجہ سے ، اگر اقوام متحدہ کی طرف سے پابندیاں عائد کی گئیں تو وہ اپنے دفاع کا حق رکھتا ہے۔ دریں اثناء پیانگ گیانگ کے اخبار نے کہا ہے کہ طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل کے تجربے کی تیاریاں چل رہی ہیں اور یہ تجربہ ملک کی مشرقی ساحلی علاقوں سے کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ کوریائی علاقوں میں امریکہ کے تقریباﹰ 28,000 فوجی تعینات ہیں تاہم رابرٹ گیٹس نے کہا کہ ابھی تک شمالمی کوریا کا جوہری پروگرام امریکہ کے لئے براہ راست خطرہ نہیں ہے اس لئے امریکہ ، کوریائی علاقوں میں ابھی تک مزید فوجی تعینات کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا۔ امریکی وزیر دفاع، اس تین روزہ کانفرنس کے دوران اپنے جاپانی اور شمالی کوریائی ہم منصب سے ملاقات بھی کریں گے تاکہ اس مسلے پر مزید بات کی جا سکے۔

ہفتے کے روز ایشیا سیکورٹی کانفرنس کے دوسرے دن گیٹس نے افغانستان میں بحالی اور تعمیرنو کے لئے مزید امداد کا مطالبہ بھی کیا۔