1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جنوبی یورپ کو بدلتے موسم کا سامنا

عابد حسین23 اپریل 2016

رواں صدی کے اگلے برسوں میں جنوبی یورپ کے بعض مقامات کو شدید موسموں کا سامنا ہو سکتا ہے۔ مختلف شہروں اور قصبوں کو ان حالات میں خشک سالی، شدید بارشیں، زوردار گرمی اور ساحلی علاقوں میں سیلاب کی کیفیت پیدا ہونے کا امکان ہے۔

https://p.dw.com/p/1IbLO
تصویر: picture-alliance/dpa

ماحولیات سے متعلق ایک نئی رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ رواں صدی کے وسط میں جنوبی یورپ کے بعض حصوں میں حیران کن موسمی تبدیلیوں کا امکان ہے۔ ان تبدیلیوں کی وجہ سے سال میں ایک مرتبہ مختلف علاقے خشک سالی، شدید بارشیں، زوردار گرمی اور ساحلی علاقوں میں سنگین سیلاب یا شدید گرم لُو کا سامنا کر سکیں گے۔ رپورٹ کے مطابق ماضی میں یہ صورت حال ہر ایک صدی میں محض ایک مرتبہ دیکھی جاتی تھی لیکن مزید تین دہائیوں کے بعد ان میں تواتر پیدا ہونے کے قوی امکانات ہیں۔

یہ رپورٹ اٹلی کے صوبے واریسی کے ایک چھوٹے سے قصبے اِسپرا میں قائم یورپی کمیشنز انسٹیٹیوٹ برائے ماحولیاتی استحکام کے موسم پر ریسرچ کرنے والے ماہرین نے مرتب کی ہے۔ اِس ریسرچ رپورٹ کی قیادت اطالوی ریسرچر گیووانی فورزیری نے کی۔ فورزیری یورپی کمیشن کے انسٹیٹیوٹ سے وابستہ ہیں۔ انہوں نے اپنی رپورٹ کے مندرجات عام کرتے ہوئے کہا کہ یہ حکومتوں اور مختلف اداروں کے لیے ایک انتباہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابھی وقت ہے لہذا حکومتوں اور اداروں کو حفاظتی اقدامات کا آغاز کر دینا چاہیے۔

Wasserfluten am St. Markus Platz in Venedig
شدید بارشوں سے شہر اور قصبے سیلاب سے متاثر ہو سکتے ہبںتصویر: AP

گیووانی فورزیری نے ماحولیاتی تبدیلیوں کا اندازہ زمین کی بلند فضا کے بدلتے درجہٴ حرارت کے تناظر میں لگایا ہے کہ یہ کس طرح آباد حصوں کی قریبی فضائی ماحول کو متاثر کرتا ہے۔ ان کی رپورٹ کے مطابق تین دہائیوں کے دوران زمینی فضا کے درجہٴ حرارت میں دو سیلسیئس یا 3.6 فارن ہیٹ کا اضافہ سردست یقینی دکھائی دیتا ہے۔ فورزیری کے مطابق یہ اضافہ زمین پر مایوس کن حالات پیدا کرنے کے لیے کافی ہے اور اِس میں رکاوٹ صرف اُسی صورت میں ممکن ہے کہ زمین کے باسی کتنی جلدی سبز مکانی گیسوں کے اخراج میں کمی لاتے ہیں۔

یورپین جیو سائنسز یونین کی سالانہ جنرل اسمبلی کے موقع پر اطالوی ریسرچر نے اپنی رپورٹ کو پیش کیا ہے۔ یہ کانفرنس آج تیئیس اپریل سے ویانا میں شروع ہو گئی ہے۔ چھ روزہ جنرل اسمبلی اٹھائیس اپریل کو ختم ہو گی۔ اس میں یورپی براعظم کے علاوہ مختلف ملکوں سے وفود شریک ہیں۔ تیرہ ہزار سے زائد سائنسدانوں کا تعلق ایک سو نو ملکوں سے ہے۔ کانفرنس کے دوران نو سو سے زائد موسمیاتی و ارضیاتی سائنسز کے سیشن ترتیب دیے گئے ہیں۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید