1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

'جرمنی نے مہاجرین کے لیے قریب اکیس بلین یورو خرچ کیے‘

17 مئی 2018

جرمن روزنامے ’ہانڈلز بلاٹ‘ کی رپورٹ کے مطابق مہاجرین کے بحران سے نمٹنے کے لیے گزشتہ برس بیس اعشاریہ آٹھ بلین یورو کی خطیر رقم خرچ کی گئی۔ اس رقم میں سے قریب چھیاسٹھ فیصد رقم ہجرت کی وجوہات کو ختم کرنے پر خرچ کی گئی۔

https://p.dw.com/p/2xrd0
Deutschland Berlin Ehrenamtliche Flüchtlingshelfer
تصویر: Getty Images/C. Koall

جرمن اخبار ’ہانڈلز بلاٹ‘ نے جرمن وزارت خزانہ کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ اس رقم میں سے چودہ اعشاریہ پانچ بلین یورو اُن وجوہات کا قلع قمع کرنے پر خرچ کیے گئے، جو مہاجرت کا سبب بنتی ہیں۔ اس کے علاوہ چھ اعشاریہ چھ بلین یورو تارکین وطن کے جرمنی میں سماجی انضمام اور پناہ کے عوامل پر اخراجات سمیت مقامی حکومتوں اور جرمن صوبوں کی مالی اعانت کے طور پر خرچ کیے گئے۔

 رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مقامی حکومتوں اور جرمن ریاستوں کی امداد میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔ مہاجرین کی مد میں اخراجات کے لیے بعض جرمن صوبے زیادہ امداد کا مطالبہ کرتے ہیں۔

ترکی سے یونان جانے کی کوشش میں سات افغان مہاجرین ہلاک

اخبار کی رپورٹ کے مطابق یہ جرمن ریاستیں جرمن حکومت کی جانب سے تارکین وطن کی آبائی ممالک کی امداد کو غیر ضروری تصور کرتے ہیں۔ اسی لیے کچھ جرمن ریاستیں اس تناظر میں وفاق سے مزید رقوم کا مطالبہ کر رہی ہیں۔

 دوسری جانب جرمن وفاقی وزیر خزانہ اولاف شلز نے ہانڈلز بلاٹ کی اس رپورٹ کےمطابق صوبوں کی جانب سے تنقید کو ناقابل فہم قرار دیا ہے۔ اس رپورٹ کے لیے مواد جرمن وزارت مالیات نے فراہم کیا ہے۔

جرمنی ميں مہاجرین کی جعلی شادیاں کرانے والا گروہ گرفتار

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ جرمن صوبے باویریا کی قدامت پسند جماعت ’سی ایس یو‘ کے وزیر گیرڈ میولر کا مزید کہنا تھا کہ جرمنی میں موجود تارکین وطن کی دیکھ بھال پر پیسہ لگانے سے بہتر ہے کہ رضاکارانہ وطن واپسی کے منصوبے پر زیادہ رقم خرچ کی جائے۔ میولر کے مطابق ’یہ سرمایہ کاری زیادہ مؤثر ثابت ہوگی۔‘

ص ح/ اے ایف پی