جرمنی میں ٹرین حادثہ، ہلاکتیں بڑھ کر آٹھ ہوگئیں
9 فروری 2016خبر رساں ادارے روئٹرز نے باویریا پولیس کے ایک ترجمان کے حوالے سے بتایا ہے کہ دو ٹرینوں کے ٹکرانے کا یہ حادثہ آج منگل نو فروری کو مقامی وقت کے مطابق صبح 6:48 پر پیش آیا۔ ترجمان کے مطابق، ’’دو ٹرینیں آمنے سامنے سے ٹکرائیں‘‘۔ اس ترجمان کا مزید کہنا تھا، ’’100 کے قریب زخمی ہیں۔ بہت سے لوگ شدید زخمی ہیں جبکہ متعدد ہلاک ہوئے ہیں۔‘‘ یہ حادثہ جرمنی کے جنوب مشرقی حصے میں باڈ ایبلنگ کے قریب پیش آیا۔
جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے نے زخمیوں کی تعداد 150 بتائی ہے۔ پولیس کے ایک ترجمان کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ان میں سے 10 افراد شدید زخمی ہیں ۔ ڈی پی اے کے مطابق یہ حادثہ دو ریجنل یا علاقائی ٹرینوں کے درمیان پیش آیا۔ قبل ازیں اس جرمن نیوز ایجنسی کی طرف سے بتایا گیا تھا کہ ایک ٹرین ٹریک سے اُتر گئی جس سے متعدد بوگیاں اُلٹ گئیں۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس نے پولیس کے ترجمان اسٹیفان زونٹاگ کے حوالے سے بتایا ہے کہ صبح سات بجے سے کچھ پہلے روزن ہائیم اور ہولزکرشن کے درمیان دو ریجنل ٹرینیں ایک ہی ٹریک پر آمنے سامنے آنے کی وجہ سے ٹکرا گئیں۔ زونٹاگ کے مطابق دو افراد ہلاک ہوئے ہیں تاہم حادثے کا منظر اس قدر پریشان کُن ہے کہ ان کے پاس ہلاک یا زخمی ہونے والوں کی حتمی تعداد ابھی تک موجود نہیں ہے۔
زونٹاگ کا مزید کہنا تھا، ’’اس علاقے میں یہ کئی برسوں کے دوران کا سب سے بڑا حادثہ ہے۔ بڑی تعداد میں ایمرجنسی ڈاکٹر، ایمبولینس اور ہیلی کاپٹرز امدادی کاموں کے لیے موقع پر موجود ہیں۔‘‘ ان کا کہنا تھا کہ متعدد افراد ابھی تک بوگیوں کے ملبے میں پھنسے ہوئے ہیں اور امدادی کارکن انہیں نکالنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔
ڈی پی اے کے مطابق آٹھ ہیلی کاپٹرز زخمیوں کو ہسپتالوں تک پہنچانے کے لیے استعمال کیے جا رہے ہیں۔ یہ دونوں ٹرینین پرائیویٹ کمپنی میریڈیان چلاتی ہے اور حادثے کی وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی ہے۔