جرمنی میں موسمِ خزاں کے رنگ
زندگی اور فطرت دونوں ہی عارضی ہیں۔ جرمنی میں موسم خزاں کو سنہری خزاں بھی کہا جاتا ہے۔ دنیا میں اس موسم کو اُداسی کے موسم سے بھی تعبیر کیا جاتا ہے لیکن جرمنی میں اس کے آمد پر کئی تہوار بھی منائے جاتے ہیں۔
رنگوں کی برسات
آج کل دن چھوٹے ہوتے جا رہے ہیں اور راتیں لمبی۔ اس موسم میں جرمنی کے زیادہ تر درختوں کے سبز پتے اپنے رنگ تبدیل کرنا شروع کر دیتے ہیں۔ موسم خزاں کے گزرنے کے ساتھ ساتھ یہ رنگ برنگے پتے بھی گرنا شروع ہو جاتے ہیں۔
آتشیں درخت
ستمبر کے آغاز سے ہی ان سبز پتوں کے رنگ تبدیل ہونا اور یہ جھڑنا شروع ہو جاتے ہیں۔ ایک مہینے کے اندر اندر یوں لگتا ہے جیسے کسی نے زمین پر رنگ برنگے قالین بچھا دیے ہوں۔ موسم خزاں میں جرمنی کے جنگلات، شہروں کے پارک اور کھیت زیادہ تر سرخ اور سنہری چادر اوڑھ لیتے ہیں۔
سیر اور خوشی
خزاں کا موسم چہل قدمی کا موسم بھی ہوتا ہے، خاص طور پر اس وقت، جب قدرت اپنے خوبصورت رنگوں کے ساتھ ہر جانب دکھائی دے رہی ہو۔ جرمنی میں اسی موسم میں درجہ حرات گرنا شروع ہو جاتا ہے۔
موسم سرما کے لیے ذخیرہ
سرخ گلہریوں کا بنیادی مسکن یورپی جنگلات ہیں لیکن انہیں رہائشی علاقوں کے باغات اور پارکوں میں بھی باقاعدگی سے دیکھا جا سکتا ہے۔ ان گلہریوں کی مرغوب غذا سوکھے پھل، گری دار بیج اور بیر وغیرہ ہوتے ہیں۔ گلہریاں موسم خزاں میں موسم سرما کے لیے اضافی کھانا جمع کرنا شروع کر دیتی ہیں۔
بارشوں کا آغاز
پتوں کے رنگوں کے تبدیل ہونے کا مطلب غیر متوقع موسم اور بارشیں بھی ہوتا ہے۔ اس موسم میں گرم اور خوبصورت دوپہریں بھی ساتھ چھوڑتی جاتی ہیں۔ جب تقریباﹰ ہر دن ہی آپ کو اپنی چھتری ساتھ رکھنا پڑتی ہو، تو سمجھیں یہ خزاں کا عروج ہے۔
پھل پک چکا ہے
جرمنی میں سالانہ سینکڑوں وائن فیسٹیول منائے جاتے ہیں لیکن ان میں سے زیادہ تر کا انعقاد موسم خزاں میں ہوتا ہے کیونکہ اس موسم میں کاشتکار اپنے انگوروں کے باغات سے پھل اتارنا شروع کر دیتے ہیں۔ جرمنی میں رائن اور موزل کے دریاؤں کے مضافاتی دیہات میں کئی روایتی تہوار منائے جاتے ہیں، جن میں مختلف اقسام کے کھانے اور شرابیں پیش کی جاتی ہیں۔
میٹھا موسمی مشروب
جرمنی کے جن علاقوں میں انگوروں کے باغات ہیں، ان علاقوں میں ستمبر سے اکتوبر تک ’فیڈر وائسر‘ یا ’سفید پنکھ‘ نامی مشروب دستیاب ہوتا ہے۔ یہ تازہ انگوروں کا خمیر شدہ جوس ہے۔ اس مشروب میں الکوحل کی مقدار کم از کم چار فیصد ہوتی ہے۔
کھمبیوں کی تلاش
بہت سے جرمن خاندانوں کے لیے موسم خزاں کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ پلاسٹک کے بوٹ پہن کر اور ایک ٹوکری کے ساتھ جنگل کا رخ کیا جائے۔ جرمنی میں کھمبیوں کی تقریباﹰ پانچ ہزار اقسام پائی جاتی ہیں۔ ان میں سے متعدد اقسام زہریلی بھی ہوتی ہیں۔ جرمنی میں پیشے کے طور پر کھمبیاں جمع کرنا اور انہیں بیچنا ممنوع ہے۔
کدو کا تہوار
موسم خزاں فصلیں کاٹنے کا بھی موسم ہے اور اس موسم میں کدو کے تہوار کو خاص اہمیت حاصل ہے۔ جرمنی کے بہت سے علاقوں میں کدو کے تہوار کا انعقاد کیا جاتا ہے اور اس میں شرکاء کدو سے بنے مختلف کھانے کھا سکتے ہیں۔ اس سلسلے میں سب سے بڑے تہوار کا انعقاد شہر لُڈوِگ بُرگ میں کیا جاتا ہے۔
جرمنی میں ہیلووین
اکتوبر کے اختتام میں جرمن گھروں میں کدوؤں کو کاٹ کر بنائی گئی مختلف شکلوں اور ان میں جلتی ہوئی موم بتیوں کو دیکھا جا سکتا ہے۔ ہیلووین کا تہوار روایتی طور پر جرمن تہوار نہیں ہے لیکن حالیہ چند عشروں میں اس نے انتہائی تیزی سے مقبولیت اختیار کی ہے۔ اس کی بڑی وجوہات ہالی وڈ کی فلمیں، ٹی وی اور امریکی کلچر کا اثر و رسوخ ہیں۔
رنگوں میں روشنی
رنگ برنگی لالٹینیں روایتی اور مذہبی جرمن تہوار سینٹ مارٹِنز ڈے کا حصہ ہیں اور یہ 11 نومبر کے قریب منایا جاتا ہے۔ زیادہ تر شہروں میں بچے مختلف رنگوں کے کپڑے پہنے اور ہاتھوں میں لالٹینیں پکڑے ہوئے مختلف گلیوں اور سڑکوں سے گزرتے ہیں۔