1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی میں سوائن فلو کی تصدیق

30 اپریل 2009

جرمن انتظامیہ نےتین افراد کے سوائن فلو سے متاثر ہونے کی تصدیق کردی ہےجبکہ مزید پانچ افراد کےطبی معائنے جاری ہیں۔ جرمنی کےعلاوہ برطانیہ میں پانچ، سپین میں دو اور آسٹریا میں ایک مریض کی موجودگی کی تصدیق ہو گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/Hgha
جرمن صوبے باویریا کے وزیر صحت Söder (دائیں) بدھ کے روز معروف مائیکروبائیولوجسٹ ہانس وولف کے ساتھ مشورہ کرتے ہوئےتصویر: AP

جرمنی میں متعدی بیماریوں کے وفاقی ادارے رابرٹ کوخ انسٹیٹیوٹ نے بتایا کہ یہ وائرس ہمبرگ کی ایک 22 سالہ خاتون اور باویریا میں قریب 30 سالہ مرد اور اتنی ہی عمر کی عورت میں پایا گیا ہے۔ ریگنزبرگ کے ڈاکٹروں نے ان افراد میں سوائن فلو کی تصدیق کی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ تینوں افراد حال ہی میں میکسیکو کا سفر کر کے آئے تھے۔

جرمن طبی معائنہ کار پانچ ممکنہ H1N1 کے شکار افراد کا معائنہ کررہے ہیں۔ ان افراد میں سے ایک کا تعلق باویریا سے ہے، تین کا تعلق صوبہ نارتھ رائن ویسٹ فیلیاجبکہ پانچویں شخص کا تعلق صوبہ لوور سیکسنی سے ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق اب تک 114 افراد میں اس بیماری کے وائرس کی تصدیق کی گئی ہے۔

Schweinegrippe Hong-Kong Vorbereitungen
صدر اوباما نے ایسے تعلیمی اداروں کو بند کرنے کو کہا جن میں سوائن فلو کا خطرہ موجود ہے۔تصویر: AP

امریکہ میں بدھ کے دن سوائن فلو کے باعث 23 ماہ کے ایک بچے کی موت واقع ہوگئی ۔ اس موقع پر امریکی صدر باراک اوباما نے کہا کہ یہ ایک سنگین صورتحال ہے اور اس میں شدید احتیاط کی ضرورت ہے۔ اوباما نے ایسے تعلیمی اداروں کو بند کرنے کو کہا جن میں سوائن فلو کا خطرہ موجود ہے۔ اوبام نے کہا : "ہم مسلسل بہت توجہ سےاس پوری صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔ ہمیں ٹیکساس میں ایک 23 ماہ کے بچے کی اس وائرس کی وجہ سے موت کی خبر بھی موصول ہوئی ہے۔ ہر امریکی کو یہ علم ہونا چاہیے کہ وفاقی حکومت اس وائرس کے اثرات سے نمٹنے کے لئے تیار ہے"۔

انہوں نے مزید کہا کہ گذشتہ روز انہوں نے کانگریس کو اس بیماری کے علاج کی غرض کے لئے درکار ادویات اور آلات کے لئے 1.5 بلین ڈالر کی رقم کا مطالبہ کیا ہے۔

میکسیکو میں ممکنہ طور پر 159افراد کی موت کا سبب بننے والے H1N1 وائرس کے امریکہ میں 91، نیو زی لینڈ میں 14، برطانیہ میں 5 ، سپین میں دو اور آسٹریا میں ایک کیس ابھی تک دریافت ہوچکا ہے۔ خدشہ ہے کہ فرانس میں چار اور پولینڈ میں دو اور فن لینڈ میں ایک باشندہ اس بیماری میں مبتلا ہے تاہم ابھی ان افراد کے طبی معائنے جاری ہیں۔

فرانسیسی صدر نکولا سارکوزی نے اس صورتحال کے پیش نظر یورپی یونین سے میکسیکو کی پروازیں معطل کرنے کا مشورہ دیا ہےجبکہ کیوبا اور ارجنٹائن نے میکسیکو سے آنے والی پروازوں کا سلسلہ پہلے ہی معطل کردیا تھا۔

میرا جمال/ کشور مصطفیٰ