1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی میں رہائش کس طرح تلاش کریں؟

امتیاز احمد1 مئی 2013

جرمنی میں زیادہ تر اسٹوڈنٹس سستی رہائش کی تلاش میں رہتے ہیں۔ اس لیے بہتر یہ ہے کہ آپ جتنی جلدی ہو سکے، اپنے لیے ایک سستے کمرے کی تلاش شروع کر دیں۔

https://p.dw.com/p/18QBc
تصویر: picture-alliance/dpa

اگر آپ کو کوئی سستا کمرہ نہیں ملتا تو آپ دل چھوٹا نہ کریں۔ آپ کی یونیورسٹی کا انٹرنیشنل آفس بھی بہتر اکاموڈیشن کی تلاش میں آپ کی مدد کر سکتا ہے۔

میں کہاں رہ سکتا ہوں؟

جرمنی میں پاکستان سے آنے والے اسٹوڈنٹس مختلف طریقوں سے رہائش ڈھونڈ سکتے ہیں۔ آپ کو کس طرح کا کمرہ ملے گا، اس کا انحصار آپ کی ضروریات اور آپ کے بجٹ پر ہو گا۔

اسٹوڈنٹ ہوسٹلز

آپ یونیورسٹی کے اسٹوڈنٹ ہوسٹلز میں سستا کمرہ یا اپارٹمنٹ حاصل کر سکتے ہیں۔ اسٹوڈنٹ ہوسٹلز میں ایک سنگل کمرے کے لیے آپ کو 120 سے 220 یورو تک ماہانہ کرایہ ادا کرنا پڑتا ہے۔ اسی طرح ایک اپارٹمنٹ کا ماہانہ کرایہ 250 سے 370 یورو تک ہو سکتا ہے۔ اگر آپ یونیورسٹی ہوسٹل میں رہنا چاہتے ہیں تو آپ اپنی منتخب کردہ یونیورسٹی کی Studentenwerk ویب سائٹ پر جائیں۔ اس ویب سائٹ پر تفصیلی معلومات موجود ہوتی ہیں کہ مثلاً آپ کو کمرہ حاصل کرنے کے لیے کس سے اور کیسے رابطہ کرنا ہو گا۔

رہائش کے لیے عارضی حل

اگر آپ جرمنی پہنچ چکے ہیں اور ابھی تک آپ کوئی کمرہ حاصل نہیں کر پائے تو آپ چند دن کے لیے کسی ہوسٹل، اسٹوڈنٹ ہوٹل یا یوتھ ہوسٹل میں رہائش اختیار کر سکتے ہیں۔ کسی ہوسٹل میں سستا کمرہ تلاش کرنے کے لیے آپ مندرجہ ذیل لنکس پر کلک کر سکتے ہیں:

اہم نوٹ: اگر آپ کو کسی یونیورسٹی میں داخلہ ملتا ہے تو اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ آپ کو ہوسٹل میں کمرہ بھی خود بخود مل جائے گا۔ آپ کے لیے بہتر یہ ہے کہ ایڈمشن لیٹر ملتے ہی آپ Studentenwerk میں کمرے کے لیے ایک درخواست جمع کرا دیں۔ اگر آپ کو اس سلسلے میں مزید مدد کی ضرورت ہے تو آپ اسلام آباد میں DAAD کے آفس یا پھر اپنی یونیورسٹی کے انٹرنیشنل آفس سے رابطہ کر سکتے ہیں۔

مشترکہ رہائش / شیئرڈ اکاموڈیشن

جرمنی میں یہ طریقہ بھی بہت مقبول ہے کہ مختلف اسٹوڈنٹس مل کر ایک اپارٹمنٹ میں رہتے ہیں۔ جرمن زبان میں ایسی رہائشوں کو (WGs) کہا جاتا ہے۔ اصولاﹰ ایک فلیٹ میں کئی اسٹوڈنٹ مل کر رہتے ہیں، ہر ایک اسٹوڈنٹ کا اپنا کمرہ ہوتا ہے لیکن کچن اور باتھ روم مشترکہ طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔ اسی طرح انٹرنیٹ، ٹیلیفون اور بجلی کا بل وغیرہ بھی سب کو مشترکہ طور پر ادا کرنا ہوتا ہے۔ ایک شیئرڈ فلیٹ میں آپ کو 150 سے 300 یورو تک ماہانہ کرایہ ادا کرنا پڑ سکتا ہے۔

فوائد: شیئرڈ اکاموڈیشن کا فائدہ یہ ہے کہ آپ کو کرایہ نسبتاﹰ کم ادا کرنا پڑتا ہے۔ اس کے علاوہ آپ کو نئے دوست بنانے اور جرمن زبان سیکھنے میں بھی آسانی رہتی ہے۔ آپ مندرجہ ذیل لنکس کے ذریعے شیئرڈ اکاموڈیشن تلاش کر سکتے ہیں:

اگر آپ کو یونیورسٹی ہوسٹل میں کمرہ نہیں ملتا اور آپ اکیلے رہنا پسند کرتے ہیں تو آپ شہر کے اندر کہیں بھی کمرہ کرائے پر حاصل کر سکتے ہیں۔ بہت سے مالکان مکان کمرہ کرائے پر دینے کے لیے اخبارات یا انٹرنیٹ پر اشتہار دیتے ہیں۔ آپ پرائیویٹ طور پر کوئی سستا کمرہ تلاش کرنا چاہتے ہیں تو مندرجہ ذیل لنکس آپ کے لیے مدد گار ثابت ہو سکتے ہیں:

آپ جرمنی میں رہائش سے متعلق مزید معلومات اس لنک پر کلک کرتے ہوئے حاصل کر سکتے ہیں: www.study-in.de/de/leben/wohnung-finden/