جرمنی میں ’انڈین سمر‘
انڈین سمر کی اصطلاح عام طور پر امریکا میں اس وقت استعمال کی جاتی ہے جب خزاں کے دوران بھی موسم نسبتاﹰ گرم ہو۔ جرمنی میں بھی رواں برس انڈین سمر کا ماحول ہے مگر اس کے ساتھ خزاں کے خوبصورت رنگ بھی بکھرے ہیں۔
خزاں کے خوبصورت رنگ
سنہرا سرخ، چمکتا نارنجی اور گہرا پیلا، خزاں کے آتے ہی درختوں نے یہ خوبصورت رنگ اوڑھ لیے ہیں۔ انڈین سمر شمالی امریکا میں تو عام ہے مگر تصویر میں برلن کا برانڈن برگ کا علاقہ نظر آ رہا ہے جو انڈین سمر کے باعث خوبصورت رنگوں کا پس منظر لیے ہوئے ہے۔
انڈین سمر اور عظیم ریچھ
شمالی امریکی باشندوں کے دیومالائی قصوں کے مطابق ایک عظیم ریچھ شکاریوں سے بچنے کے لیے آسمان کی طرف اُڑ گیا لیکن جب شکاریوں نے اسے پھر بھی ہلاک کر دیا تو اس کا خون زمین پر موجود درختوں کے پتوں کو سُرخ کر گیا۔
فصل کاٹنے کا وقت
خزاں کے موسم میں بہت سے پھلوں اور سبزیوں کے پکنے اور ان کے کٹنے کا بھی وقت ہوتا ہے۔ ان کے کٹنے کے بعد لوگ خاص طور پر خدا کا شکر ادا کرتے ہیں کہ ایک کامیاب ایگریکلچر سیزن اختتام کو پہنچا۔
جامنی پھول
جرمنی میں قریب 20 فیصد رقبے پر جنگلات اور درخت موجود ہیں۔ خزاں کے موسم میں پتے گرنے سے قبل ان کا رنگ بدلنا شروع ہو جاتا ہے۔ برانڈن برگ کے علاقے میں جامنی پھولوں سے بھری زمین خوبصورت منظر پیش کر رہی ہے۔
سردی کے بھوتوں سے بچاؤ
جانوروں کے لیے یہ وقت ہوتا ہے کہ انہیں گرم جگہوں پر منتقل کیا جائے۔ ایک تقریب کے دوران باویریا کے کسان اپنی گائیوں کو گاؤں میں لا رہے ہیں جہاں انہیں سرد موسم کے دوران رکھا جاتا ہے۔ اس موقع پر روایتی طور پر انہیں ربن باندھے جاتے ہیں، گلے میں صلیب ڈالی جاتی ہے اور شیشے اور گھنٹیاں باندھی جاتی ہیں تاکہ وہ بُری روحوں سے بچی رہیں۔
جنوب کی جانب پرواز
خزاں کے آتے ہی پرندوں کی بہت سی اقسام جنوب کی جانب پرواز بھرتی ہیں۔ اکتوبر کے مہینے سے جرمنی میں اچھی خاصی ٹھنڈک ہو جاتی ہے اس وجہ سے یہ پرندے جنوب کی جانب ہجرت کرتے ہیں۔ اس تصویر میں ہزاروں تلیروں کو بالٹک کے ساحل پر دکھایا گیا ہے۔
شہر بھی خوبصورت
خزاں کے خوبصورت رنگ محض دیہات یا جنگلاتی علاقوں میں ہی نظر نہیں آتے بلکہ شہروں میں بھی ان کا نظارہ کیا جا سکتا ہے۔ جرمن دارالحکومت برلن میں چانسلر کے دفتر اور پارلیمان ہاؤس کے درمیان کے علاقے کے درخت خزاں کے خوبصورت رنگ اوڑھے دیکھے جا سکتے ہیں۔