1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی: مہاجرین سے متعلق نیا ’ماسٹر پلان‘ فی الحال ملتوی

12 جون 2018

جرمن وزیر داخلہ ہورسٹ زیہوفر کا تیار کردہ مہاجرین سے متعلق نیا منصوبہ آج جاری کیا جانا تھا تاہم زیہوفر اور چانسلر میرکل کے مابین اختلافات کے باعث اسے آخری لمحات میں موخر کر دیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/2zN0o
Horst Seehofer und Kanzlerin Merkel
تصویر: picture-alliance/AP Photo/M. Schreiber

جرمنی میں قدامت پسندوں کی جانب سے تیار کردہ نیا ’مائیگریشن ماسٹر پلان‘ فی الحال موخر کر دیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ ہورسٹ زیہوفر نے اس تاخیر کی کوئی ٹھوس وجہ تو بیان نہیں کی لیکن ان کا کہنا تھا کہ نئے قوانین میں ابھی کچھ نکات پر اتفاق رائے ہونا باقی ہے۔

باویریا میں چانسلر میرکل کی اتحادی جماعت سی ایس یو سے تعلق رکھنے والے ملکی وزیر داخلہ زیہوفر نے یہ منصوبہ آج بارہ جون بروز پیر جاری کرنا تھا۔ جرمنی میں سیاسی پناہ کے بارے میں تریسٹھ نکات پر مبنی اس نئے منصوبے کو چانسلر میرکل کی منظوری حاصل کیے جانے کے بعد دیگر پارلیمانی سیاسی جماعتوں کے سامنے پیش کیا جانا تھا۔

جرمنی کے کثیر الاشاعتی روزنامے ’بلڈ‘ کے مطابق چانسلر میرکل اور وزیر داخلہ ہورسٹ زیہوفر کے مابین جس نکتے پر اختلاف پایا جاتا ہے وہ یہ ہے کہ اگر کسی تارک وطن نے کسی دوسرے یورپی ملک میں سیاسی پناہ کی درخواست جمع کرا رکھی ہو تو کیا اسے ملکی حدود میں داخل ہونے کی اجازت دے دی جائے یا اسے جرمن سرحد ہی سے لوٹا دیا جائے۔

پیر گیارہ جون کے روز نئے منصوبے میں تاخیر سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ کا کہنا تھا، ’’اس ملک کی ذمہ داری مجھ پر ہے۔ مجھے جرمنی میں امن و امان کی صورت حال برقرار رکھنا ہے۔ میں اس معاملے کو تاقیامت موخر نہیں کر سکتا۔‘‘ انہوں نے اس بات پر بھی اصرار کیا کہ عوام کا ’کھویا ہوا اعتماد بحال کرنے کے لیے‘ سیاسی پناہ سے متعلق جرمن قوانین کو از سر نو ترتیب دینے کی شدید ضرورت ہے۔

چانسلر میرکل کی جماعت سی ڈی یو، اتحادی جماعت سی ایس یو اس وقت سوشل ڈیموکریٹک پارٹی (ایس پی ڈی) کے ساتھ مل کر مخلوط حکومت بنائے ہوئے ہے۔ ہورسٹ زیہوفر مہاجرین سے متعلق سخت قوانین بنانا چاہتے ہیں تاہم ایس پی ڈی اس حوالے سے مختلف رائے رکھتی ہے۔ ایس پی ڈی نے ہورسٹ زیہوفر کے تیار کردہ منصوبے کو ’تباہ کن‘ قرار دیتے ہوئے اس کے مقابلے میں اپنی جماعت کا تیار کردہ منصوبہ پیش کرنے کا اعلان کیا ہے۔

ش ح / ع ب (Ben Knight)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید