1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی: منیجمنٹ میں خواتین کے لئے کوٹے کا منصوبہ

25 جون 2010

جرمنی میں اعلیٰ عہدوں پر خواتین کی نمائندگی مختص کرنے کے لئے کوٹہ طے کرنے کا منصوبہ تیار کیا جا رہا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کے تحت ایک مخصوص حد تک اعلیٰ عہدوں پر خواتین کی تعیناتی کو یقینی بنایا جائے گا۔

https://p.dw.com/p/O2c6
تصویر: AP
Beate Merk bayrische Justizministerin
جرمن ریاست باویریا کی وزیر انصاف بی ٹے میرکتصویر: picture-alliance/ dpa

شہر ہیمبرگ میں جمعرات کو حکام نے بتایا ہے کہ مختلف اداروں کی جانب سے خواتین کو ترقی دینے کے وعدے پورے نہیں کئے گئے، جس کی وجہ سے اس نوعیت کے منصوبے کی ضرورت پیش آئی۔ جرمن ریاست باویریا کی وزیر انصاف بی ٹے میرک کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے ملک کی سولہ ریاستوں سے وزراء پر مبنی ایک کمیٹی منصوبہ تشکیل دے گی، جس کا اطلاق سٹاک ایکسچینجز کی فہرستوں میں شامل سرکاری کمپنیوں پر ہوگا۔

بی ٹے میرک نے کہا:’’ہم اس بات پر توجہ دے رہے ہیں کہ کمپنیوں میں اعلیٰ عہدوں پر خواتین کی تعیناتی کے عمل کو مزید نظر انداز نہ کیا جائے۔‘‘

واضح رہے کہ جرمن اکنامک ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کی ایک حالیہ تحقیق کے مطابق ملک کی ایک سوبڑی کمپنیوں میں چیف ایگزیکٹیو، چیف فائنانشل آفیسر اور اس کے مساوی عہدوں پر خواتین کی تعیناتی ایک فیصد سے بھی کم ہے۔

اس مسئلےپر غور و خوض کے لئے صوبائی اور وفاقی وزرائے انصاف کا ایک اجلاس ہیمبرگ میں منعقد ہوا، جس میں ایک قانونی طریقہء کار کے مطالعے پر اتفاق کیا گیا۔ اس کا مقصد ایسی کمپنیوں میں اہم عہدوں پر خواتین کو زیادہ سے زیادہ نمائندگی دینا ہے۔

DAX, Deutscher Aktienindex, Börse
اس منصوبے کا اطلاق اسٹاک ایکسچینجز کی فہرستوں میں شامل سرکاری کمپنیوں پر ہوگاتصویر: AP

باویریا کی وزیر انصاف میرک مزید کہتی ہیں:’’مختلف اداروں کی جانب سے اعلیٰ عہدوں پر خواتین کی نمائندگی بڑھانے کے وعدوں کے باوجود اب تک کوئی خاطر خواہ پیش رفت سامنے نہیں آئی۔‘‘ وزیر کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے نئے اقدامات کے تحت تعیناتی کا سلسلہ مرحلہ وار طریقے سے آگے بڑھایا جائے گا۔ میرک نے بتایا کہ اعلیٰ عہدوں پر خواتین کی نمائندگی بڑھانے کے لئے ابتدائی کوٹہ پندرہ سے بیس فیصد تک مقرر کیا جا سکتا ہے، جسے بتدریج چالیس فیصد تک لے جایا جا سکتا ہے۔

اس حوالے سے قانون سازی کا تعین کرنے کے لئے کی جانی والی تحقیق کے عمل میں شامل چار جرمن ریاستوں میں ہیمبرگ، باویریا، ہیسے اور سیکسنی شامل ہیں۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: گوہر نذیر گیلانی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں