1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمنی: مسلح نوجوان کا اسکول پر حملہ، 10 افراد زخمی

17 ستمبر 2009

جرمنی کے جنوبی شہر نیورین برگ کے نواح میں ایک سیکنڈری اسکول میں جمعرات کی صبح ایک 19 سالہ مسلح نوجوان نے حملہ کر کے دس کے قریب اساتذہ اور طالب علموں کو زخمی کر دیا۔ زخمیوں میں سے تین کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/Jj3f
تصویر: AP

پولیس کے ایک ترجمان کے مطابق جنوبی صوبے باویریا میں نیورین بیرگ کے نواح میں چھوٹے سے شہر انسباخ کے اس اسکول کا ایک سابقہ طالب علم صبح آٹھ اور نو بجے کے درمیان اچانک اس تعلیمی ادارے میں داخل ہوا۔ یہ نوجوان ایک کلہاڑی، چند پٹرول بموں اور کچھ دیگر چھوٹے ہتھیاروں سے لیس تھا۔ اس نے اسکول میں داخل ہوتے ہی وہاں موجود طلبہ و طالبات اور اساتذہ پر حملہ کر دیا۔

Ansbach Amoklauf
پولیس اہلکاروں نے اسکول کی عمارت کا حصار کیا ہوا ہےتصویر: AP

پولیس کو فوری طور پر حملے کی اطلاع کر دی گئی جس نے وہاں پہنچ کر دس منٹ کے اندر اندر ملزم کو گرفتار کرلیا۔ تب تک یہ جنونی نوجوان دس افراد کو زخمی کرچکا تھا۔ ان زخمیوں کو علاج کے لئے بلاتاخیر ایک قریبی ہسپتال پہنچا دیا گیا۔ پولیس کے مطابق گرفتاری کے دوران مزاحمت کرنے پر یہ نوجوان خود بھی زخمی ہو گیا تھا اور اس وقت وہ بھی ہسپتال میں زیر علاج ہے۔ پولیس اس حملے کے محرکات کا تعین کرنے کی کوششوں میں ہے۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق اس حملے میں مبینہ طور پر ایک سے زائد افراد شامل تھے۔ تاہم پولیس حکام نے ایسی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ اسکول کی پوری عمارت کی تلاشی لی گئی جس دوران وہاں سے کوئی دوسرا مشتبہ شخص نہیں ملا۔ اس اسکول میں زیر تعلیم طلبہ و طالبات کی تعداد سات سو کے قریب بنتی ہے۔

جمعرات کو پیش آنے والے اس واقعے سے قریب چھ ماہ قبل جرمنی میں اسی سال مارچ کے مہینے میں ٹم کریچمر نامی ایک اور جنونی نوجوان نے بھی آتشیں ہتھیاروں سے مسلح ہو ایک تعلیمی ادارے میں طالب علموں اور ساتذہ پر حملہ کر دیا تھا۔ اس حملے میں وننڈن نامی چھوٹے سے شہر اور اس کے نواح میں سترہ سالہ ملزم کے ہاتھوں کل پندرہ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

رپورٹ: انعام حسن

ادارت: مقبول ملک