1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن پیراک پال بیڈر مان : لیجنڈری فیلپس سے آگے

رپورٹ:عابد حسین ، ادارت : امجد علی29 جولائی 2009

پیراکی کی عالمی چیمپئن شپ اٹلی کے شہر روم میں جاری ہے۔ اِس چیمپئن شپ میں کئی نئے عالمی ریکارڈ بن چکے ہیں۔ ماہرین اِس عمل کو ریکارڈ سازی کے سیلاب سے تعبیر کر رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/IzB9
مائیکل فیلپس کو ہرانے کے بعد پال بیڈر مانتصویر: AP

روم میں جاری عالمی چیمپئن شپ میں اگر ایک طرف اٹلی کی سپیڈ بوٹ فیدریکا پیلیگیرینی کا طُوطی بول رہا ہے تو جرمن پیراکوں کا جادو بھی اب سر چڑھ کر بول رہا ہے۔ بریٹا سٹیفن اور پال بیڈر مان نے اپنے ملک کے لئے عالمی ریکارڈ قائم کرتے ہوئے نئی تاریخ لِکھ ڈالی ہے۔ دونوں پیراکوں نے اپنے اپنے انفرادی مقابلوں میں طلائی تمغوں کے ساتھ ساتھ عالمی ریکارڈ بھی قائم کئے ہیں۔

Schwimmer Paul Biedermann Weltmeister 400 Meter
پال بیڈر مان کامیابی کے بعد مسرت کا اظہار کرتے ہوئےتصویر: AP

امریکی لیجنڈری پیراک مائیکل فیلپس کے بارے میں کہا جاتا تھا کہ اُن کو موجودہ دور میں عالمی مقابلوں میں شکست دینا ایک ناقابلِ یقین بات ہو سکتی ہے۔ اِس ناقابلِ یقین بات کو گزشتہ روز جرمن پیراک پال بیڈر مان نے سچ کر دکھایا۔ دو سو میٹر فری سٹائل مقابلے میں مائیکل فیلپس بھی موجود تھے اور سب کو یقین تھا کہ وہی طلائی تمغے کے حقدار ہوں گے لیکن جرمن غواص نے مقابلے کے دوران دوسرے چکر میں جو سبقت حاصل کی تو پھر وہ کم نہیں ہوئی اور بڑھتی ہی چلی گئی۔ جب مقابلہ ختم ہوا تو بیڈر مان نے مائیکل فیلپس کا قائم کردہ ریکارڈ توڑ دیا تھا۔

گزشتہ چار سالوں میں کسی بڑے عالمی ٹورنامنٹ یا مقابلوں میں امریکی پیراک کی یہ پہلی شکست ہے۔ مائیکل فیلپس نے گزشتہ سال کے بیجنگ اولمپکس مقابلوں میں آٹھ گولڈ میڈل جیت کر ایک منفرد عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا۔ فیلپس نے بعد میں جرمن پیراک کی ہمت اور مہارت کی تعریف بھی کی۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ وہ مقابلے کے دوران تھکن محسوس کر رہے تھے۔

Schwimmerin Rebecca Adlington Flash-Galerie
عالمی چیمپئن شپ میں برطانوی خاتون پیراک ربیکا آڈلیگٹن، اپنے گولڈ میڈل کے ساتھتصویر: AP

جرمن پیراک پال بیڈر مان اب تک روم عالمی چیمپئن شپ میں دو گولڈ میڈل جیت چکے ہیں۔ انہوں نے چار سو اور دو سو میٹر مقابلوں میں فتح مندی حاصل کی ہے۔ مائیکل فیلپس کو شکست دے کر گولڈ میڈل جیتنے کو پال بیڈر مان نے ایک خواب کہا ہے۔

پیراکی کی عالمی چیمپئن شپ میں ریکارڈ سازی کا عمل جاری ہے۔ منگل کو بھی مزید نئے چار ریکارڈ سامنے آئے ہیں۔ اِن میں ایک برطانیہ کی گیما سپوفورتھ نے ایک سو میٹر کے بیک سٹروک مقابلے میں ریکارڈ قائم کرتے ہوئے گولڈ میڈل جیتا ہے۔ دو سو میٹر فری سٹائی کے سیمی فائنل مقابلے میں اٹلی کی فیدریکا پیلیگیرینی نے ایک بار پھر اپنی شاندار مہارت کا ثبوت دیتے ہوئے کامیابی حاصل کی ہے۔ اِس مقابلے میں فیدریکا نے مارچ میں قائم کیا ہوا اپنا عالمی ریکارڈ بہتر کر دیا ہے۔ اِس سے قبل بھی وہ اپنا قائم کردہ عالمی ریکارڈ ایک دوسرے مقابلے میں توڑ چکی ہیں۔ اٹلی کی ایک اور پیراک الیسا فیلیپی نے پندرہ سو میٹر فری سٹائل پیراکی میں گولڈ میڈل حاصل کیا ہے۔ پچاس میٹر کے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ کے کیمرون وان ڈر بُرگ نے عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے۔