1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن قومی فٹ بال لیگ: شالکے سرِ فہرست

22 اگست 2009

جرمنی کی قومی فٹ بال لیگ بُنڈیس لیگا کے کچھ ہی عرصہ پہلے شروع ہونے والے نئے سیزن کے اب تک کے میچوں کے بعد شالکے زیرو فور کی ٹیم عارضی طور پر پہلی پوزیشن پر چلی گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/JGFK
تصویر: picture-alliance/ dpa

اکیس اگست بروز جمعہ جرمن قومی فٹ بال لیگ کا صرف ایک میچ کھیلا گیا، جسے تیس ہزار سے زیادہ تماشائیوں نے دیکھا۔ شالکے زیرو فورکا ہوفن ہائیم کے ساتھ ہونے والا یہ میچ صفر صفر سے برابر رہا۔ اِس طرح شالکے زیرو فور کے پوائنٹس بڑھ کر سات ہو گئے ہیں اور وہ اپنے اعزاز کا دفاع کرنے والی ٹیم وی ایف ایل وولفس برگ سے ایک پوائنٹ آگے ہے۔ وولفس برگ کے اب تک چھ پوائنٹس ہیں اور یہ واحد ٹیم ہے، جو اب تک عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے دونوں میچ جیتنے میں کامیاب ہوئی ہے۔کل اتوار کو اُس کا مقابلہ ہیمبرگ ایس وی کے ساتھ ہو گا اور اِس مقابلے کے تمام ٹکٹ بہت پہلے سے فروخت ہو چکے ہیں۔

Fußball Bundesliga Hoffenheim Schalke
شالکے اور ہوفن ہائیم کے درمیان میچ کا ایک منظرتصویر: picture-alliance/ dpa

کل اتوار کو دو اور میچ بھی ہوں گے۔ ایک میں ہیرتھا برلن کا مقابلہ بوخُم کے ساتھ ہو گا جبکہ دوسرے میں ویردر بریمن اور بورُسیا موئنشن گلاڈ باخ کی ٹیمیں ایک دوسرے کا سامنا کریں گی۔

شالکے کی ٹیم نے موجودہ سیزن میں اپنے پہلے دونوں میچ بڑی آسانی سے جیت لئے تھے لیکن جمعے کے میچ میں یہ ٹیم کافی کمزور نظر آ رہی تھی۔ ہوفن ہائیم اپنے اب تک کے تین میچوں میں سے کوئی ایک بھی نہیں جیت پائی اور صرف دو پوائنس بنا سکی ہے۔

بائرن میونخ کی ٹیم بھی ابھی موجودہ سیزن میں اپنی پہلی فتح کی منتظر ہے۔ آج ہفتے کو بائرن میونخ کا مقابلہ مائنز زیرو فائیو کے ساتھ ہو گا۔ آج مجموعی طور پر پانچ میچ کھیلے جائیں گے۔

رپورٹ: امجد علی

ادارت: ندیم گِل