1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن ایئر شو میں حادثہ، دو ہلاک

10 ستمبر 2016

جرمنی میں ہونے والے ایک ایئر شو کے دوران ایک گلائیڈر اور چھوٹے ہوائی جہاز کے ٹکرانے کے نتیجے میں دو افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ یہ حادثہ جرمنی کے مشرقی حصے کے ’ایرز ماؤنٹین‘ کے علاقے میں پیش آیا۔

https://p.dw.com/p/1Jzt0
16.11.2015 Made in Germany MIGDFLIEGEN2

جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے نے پولیس کے حوالے سے بتایا ہے کہ یہ حادثہ ریاست سیکسنی کے شہر Grossrueckerswalde میں ہوا جب ایئر شو کے دوران ایک گلائیڈر اور ایک چھوٹا ہوائی جہاز فضا میں ٹکرا گئے۔ اس کے بعد ایک ہوائی جہاز تو بحفاظت واپس زمین پر اُترنے میں کامیاب ہو گیا جب کہ دوسرا جہاز گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں اس پر سوار دونوں افراد ہلاک ہو گئے۔

ڈی پی اے کے مطابق پولیس کے ترجمان تاہم ان ابتدائی رپورٹس کی تصدیق نہ کر پائے کہ ہلاک ہونے والے باپ اور بیٹی تھے۔ پولیس نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاہم فوری طور پر حادثے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔ یہ جہاز ایئر شو کے شائقین کے سامنے کریش ہوا۔

ڈی پی اے کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اس علاقے میں ہونے والا یہ دوسرا حادثہ ہے۔ جمعہ آٹھ ستمبر کو اسی ریاست کے شہر Zwickau میں ایک ہلکے ہوائی جہاز نے ایمرجنسی لینڈنگ کی جس کے فوری بعد اس میں آگ بھڑک اٹھی۔ تاہم اس جہاز کا 40 سالہ پائلٹ بحفاظت جہاز میں سے نکلنے میں کامیاب رہا تھا۔

اس پائلٹ کے مطابق ایرز ماؤنٹین کے علاقے میں ہی پرواز کے دوران اس کے جہاز کے انجن سے دھواں نکلنا شروع ہو گیا جس کے بعد اس نے ایک کھیت میں ایمرجنسی لینڈنگ کا فیصلہ کیا۔