1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن ادب کا معتبر ایوارڈ، رائن ہارڈ ژیرگل کے نام

10 جولائی 2010

جرمن ناول نگار رائن ہارڈ ژیرگل کو جرمنی کے سب سے معتبرادبی ایوارڈ Georg Buechner سے نوازا جائے گا۔

https://p.dw.com/p/OFeF
تصویر: Hanser

جمعہ کو جرمن اکیڈمی برائے لسانیات و ادب نے اعلان کیا کہ ژیرگل کو اس سال یہ انعام دیا جائے گا۔ ستاون سالہ رائن ہارڈ ژیرگل کو اس انعام کی صورت میں چالیس ہزار یورو کی رقم بھی دی جائے گی۔ یہ معتبر انعام اس سے قبل قد آور ادیب Ingeborg Bachmann اور Heinrich Boell کو بھی دیا جا چکا ہے۔

جرمن اکیڈمی نے کہا کہ ژیرگل کے ناول بیسویں صدی کی تاریخ کی عمدہ تصویر کشی کرتے ہیں۔ اکیڈمی کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ ان کی تحریروں میں جدید جرمنی کی معاشرتی ناہمواریوں کی کہانی، قاری کو اس کی روزمرہ زندگی سے متعارف کرواتی ہے اور اسے، یہ سوچنے پر مجبور کرتی ہے کہ وہ اُس بھولی ہوئی تاریخ کی طرف لوٹے جہاں کئی ذی شعور انسانوں کی ان کہی آوازیں دفن ہیں۔

Jirgl Stadtschreiber von Bergen-Enkheim
ژیرگل کی تصانیف جرمن تاریخ کی آئنہ دار ہیںتصویر: picture-alliance/dpa

ژیرگل کے دو شہرہ آفاق ناول Die Unvollendeten ’نامکمل‘ اور Die Stille ’سکوت‘ جرمن ادب میں ایک نمایاں مقام رکھتے ہیں۔ ژیرگل کو یہ انعام اکتوبر میں شہر ڈارم شٹٹ میں دیا جائے گا جہاں جرمن اکیڈمی برائے لسانیات وادب کا دفتر واقع ہے۔

ژیرگل سن 1953ء میں مشرقی برلن میں پیدا ہوئے۔ گیارہ سال کی عمر تک وہ شہر آلٹمارک میں رہے، جہاں ان کے ننھیال نے ان کی پرورش کی۔ سن 1964ء میں وہ دوبارہ اپنے والدین کے پاس برلن آ گئے۔ بچپن میں انہیں الیکٹریشن بننے کی تربیت دی گئی تھی۔

سن 1971ء میں انہوں نے برلن کی ہُمبولٹ یونیورسٹی میں داخلہ لیا جہاں انہوں نے باقاعدہ طور پر الیکٹرانکس کی تعلیم حاصل کی۔ سن1975ء میں انجنیئرنگ کے شعبے سے فارغ التحصیل ہو کر انہوں نے اپنی پیشہ ورانہ زندگی کا آغاز کیا۔ اسی دوران انہوں نے لکھنا بھی شروع کر دیا اور ایک ناول نگار کے طور پر اپنی ایک نئی شخصیت متعارف کروائی۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: کشور مصطفٰی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں