1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جب بھارتی نیوز کاسٹر کو اپنے شوہر کی ہلاکت کی خبر پڑھنی پڑی

صائمہ حیدر
9 اپریل 2017

بھارت میں ایک خاتون نیوز اینکر پرسن نے ایک کار ایکسیڈنٹ کی  لائیوخبر  انتہائی ضبط اور تفصیل سے نشر کی حالانکہ وہ جانتی تھی کہ اس حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں اُس کا شوہر بھی شامل تھا۔

https://p.dw.com/p/2awqe
Screenshot Indien Supreet Kaur IBC24
تصویر: IBC24

بھارت کی وسطی ریاست چھتیس گڑھ میں  آئی بی سی 24 نیوز چینل کی اٹھائیس سالہ نیوز کاسٹر سپریت کور کو اُن کی پیشہ ورانہ مہارت اور خبر سنانے کے دوران خود پر ضبط  رکھنے کے لیے بہت سراہا جا رہا ہے۔ کور جب گزشتہ روز صبح کا نیوز بلیٹن پڑھ رہی تھیں تو انہیں ایک کار حادثے کی خبر سنانے کے لیے جائے وقوعہ پر موجود رپورٹر کے ساتھ براہِ راست بات چیت کی۔ رپورٹر نے جائے حادثہ کا منظر دکھاتے ہوئے بتایا کہ ایکسیڈنٹ میں تین افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

اگرچہ ہلاک شدگان کی فوری شناخت نہیں ہوئی تھی تاہم آئی بی سی 24 چینل اور قومی میڈیا کی رپورٹوں کے مطابق کور کو فوراﹰ احساس ہو گیا کہ اُن  کا شوہر اسی طرح کی گاڑی میں اور اسی روٹ پر سفر کر رہا تھا۔ خاتون نیوز کاسٹر سپریت کور کے دفتری ساتھیوں نے بھارتی روزنامے ہندوستان ٹائمز کو بتایا کہ نیوز بلیٹن ختم کرتے ہی کور خود پر قابو نہ رکھ سکیں۔ ہندی نیوز چینل آئی بی سی 24 نے اس واقعے کے حوالے سے خصوصی نشریات میں بتایا،’’ بہادر اینکر نے خبر کی تفصیلات پڑھیں اور بلیٹن مکمل کیا۔ آئی بی سی 24 سپریت کور کے ضبط اور حوصلے کو سلیوٹ کرتا ہے۔‘‘

بھارتی خاتون براڈکاسٹر کے حوالے سے یہ خبر سوشل میڈیا پر بھی گردش کر رہی ہے اور سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر متعدد افراد اور میڈیا چینلز نے خاتون کے پیشہ ورانہ رویے اور حوصلے کو سراہا ہے۔ ٹوئٹر کے ایک صارف آفتاب کریم لکھتے ہیں ،’’ اسے عورت کی طاقت کہتے ہیں۔ خاتون نیوز کاسٹر کو ایسی ہمت کا مظاہرہ کرنے پر سلیوٹ پیش کرتا ہوں۔‘‘

ایک اور صارف کارتک دت نے لکھا ہے ،’’ ایسا حوصلہ، سپریت کور آپ نے مجھے بہت متاثر کیا ہے۔‘‘ نیوز چینل آئی بی سی 24 کے ایک نیوز ایڈیٹر نے بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس کو بتایا کہ سپریت کور نے جس خوش اسلوبی سے اس مشکل صورتِ حال کو نبھایا وہ قابلِ فخر ہے۔‘‘