1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جاپانی ریلوے نے ٹرین جلد روانہ کرنے پر معذرت کر دی

عابد حسین
17 نومبر 2017

جاپان میں ریلوے کے نگران ادارے نے ایک ٹرین کو کچھ سیکنڈ قبل روانہ کرنے پر معذرت پیش کی ہے۔ ٹرین کے جلد روانہ ہونے پر پیش کی جانے والی معذرت پر جاپانی سماجی حلقوں نے حیرت کا اظہار کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/2nnRI
Japan Seikan Tunnel
تصویر: Imago/Kyodo News

جاپانی دارالحکومت ٹوکیو کے ایک نواحی اسٹیشن سے تسوکوبا ایکسپریس مقررہ وقت سے بیس سیکنڈ قبل روانہ کر دی گئی تھی۔ اس کا تعین نہیں ہو سکا ہے کہ ٹرین کی روانگی گھڑیوں پر درست وقت نہ ہونے کی وجہ سے ہوئی یا ریل گاڑی کے نگران عملے نے دانستہ طور پر جلدی کی تھی۔ یہ طے ضرور ہے کہ جاپان ریلوے نے اس پر اپنی معذرت پیش کی ہے۔

چین نے لندن تک پہلی مال بردار ٹرین سروس بھی شروع کر دی

چین میں تیز رفتار ریل گاڑیوں کی ٹکر سے متعدد ہلاکتیں

ریل گاڑیوں کا شور ہزاروں انسانی ہلاکتوں کی وجہ، نئی تحقیق

جاپان ریلوے نے اپنے معذرت نامے میں بیان کیا کہ اس کا احساس کیا گیا ہے کہ ریل گاڑی کی بیس سیکنڈ جلد روانگی سے مسافروں کو یقینی طور پر ناگواری اور زحمت کا سامنا کرنا پڑا ہو گا۔ ادارے کی جانب سے یہ بھی واضح کیا گیا کہ ریل گاڑی کے جلد روانہ ہونے پر کسی بھی مسافر کی جانب سے کوئی شکایت درج نہیں کرائی گئی ہے۔ تسوکوبا ایکسپریس کی انتظامیہ نے اس یقین کا بھی اظہار کیا ہے کہ بیس سیکنڈ پہلے روانہ ہونے والی ٹرین پر سوار ہونے سے کوئی مسافر رہ بھی نہیں گیا ہو گا۔

Shinkansen Zug Japan Modell 15.08.2014
جاپان کی بُلٹ ٹرین کا انجنتصویر: picture-alliance/dpa

یہ امر اہم ہے کہ جاپان ریلوے کی ریل گاڑیاں بشمول شِن کانسین بلٹ ٹرین دنیا بھر میں پابندی وقت کی وجہ سے بلند مقام رکھتی ہیں۔ ایسا بہت ہی کم دیکھنے میں آیا ہے کہ ٹرین سروس میں تاخیر دیکھی گئی ہو۔ ہلکی سی تاخیر پر بھی ریلوے انتظامیہ کی جانب سے مسافروں سے بھرپور معذرت کی جاتی ہے۔ ان معذرت ناموں پر بسا اوقات سوشل میڈیا کے صارفین حیرت زدہ رہ جاتے ہیں۔

سوشل میڈیا پر کئی صارفین نے خیال ظاہر کیا ہے کہ حکومت کو بھی ریلوے کے انداز میں ٹریفک سے پیدا ہونے والی آلودگی پر بھی غور کرتے ہوئے عوام سے معذرت کرنی چاہیے۔ موٹر کاروں سے نکلنے والے دھوئیں کے اخراج کے حوالے سے جعلی اعداد وشمار کا اسکینڈل بھی اس وقت جاپان میں گردش کر رہا ہے۔ اس تناظر میں جاپانی کار ساز ادرے نیسان اور سُوبارُو کا اعتراف بھی سامنے آ چکا ہے۔