1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جاپان: زلزلہ، ایک میٹر بلند سونامی لہر

7 دسمبر 2012

آج جمعہ سات دسمبر کی شام ایک طاقتور زلزلے نے وسطی جاپان کو ہلا کر رکھ دیا۔ تاہم اس زلزلے کے نتیجے میں پیدا ہونے والی ایک میٹر اونچی سونامی لہر کے باعث فوری طور پر کسی شخص کے ہلاک یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔

https://p.dw.com/p/16xdK
تصویر: JIJI Press/AFP/Getty Images

خبر رساں ادارے اےایف پی نے بتایا ہے کہ آج مقامی وقت کے مطابق شام چھ بجے شمال مشرقی جاپان کے ساحلی علاقوں میں سمندر میں شدید زلزلہ آیا۔ امریکی ارضیاتی سروے USGS نے بتایا ہے کہ زلزلے کی شدت 7.3 ریکارڈ کی گئی۔ بتایا گیا ہے کہ 6.2 کی شدت کا ایک اور بھی جھٹکا آیا تھا۔

ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ سونامی کی لہریں ساحلی شہر اشینوماکی سے ٹکرائی ہیں۔ یہ وہ شہر ہے، جو گزشتہ سال جاپان میں آنے والے سونامی سے بری طرح متاثر ہوا تھا۔ تب ہزاروں لوگ جاں بحق ہو گئے تھے۔

آج کے زلزلے کے بعد مقامی انتظامیہ نے ان علاقوں کے رہائشیوں کو گھر خالی کرنے اور محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایات جاری کر دیں۔ ایک مقامی سرکاری اہلکار نے اے ایف پی کو بتایا:"متاثرہ قصبوں میں صورتحال ابھی واضح نہیں ہے، موبائل اور لائن نمبر کام نہیں کر رہے ہیں، جس کی وجہ سے لوگوں کے اصل حالات کا اندازہ لگانا مشکل ہے۔ زلزلہ اتنی شدت کا نہیں تھا، جیسا کہ یہ بظاہر لگ رہا ہے اور اس کا 2011ء کے زلزلے سے موازنہ نہیں کیا جا سکتا"۔

فوکوشیما ڈائیچی پلانٹ کی سات دسمبر کو جاری کی گئی ایک تصویر
فوکوشیما ڈائیچی پلانٹ کی سات دسمبر کو جاری کی گئی ایک تصویرتصویر: Reuters

جاپان کے سرکاری ٹیلی وژن پر لوگوں کو بتایا گیا ہے کہ جب زمین ہلنے لگے اور ٹوکیو کی عمارات جھولنے لگیں تو گزشتہ سال کے سونامی اور زلزلے کو یاد کریں۔ اپنے ہمسایوں سے رابطہ کریں اور اونچے اور کھلے مقامات کا رخ کریں۔ سرکاری ٹیلی وژن نے بتایا کہ جاپان کی موسمیاتی ایجنسی نے بحرالکاہل کے ساحلی شہروں Iwate، Fukushima اور Aomori کے لیے سونامی کی وارننگ جاری کر دی ہے۔

فوکوشیما جوہری پلانٹ کی دیکھ بھال کرنے والےادارے ٹوکیو الیکٹرک پاور نے بتایا ہے کہ اس زلزلے کے بعد پلانٹ میں کسی قسم کی غیر معمولی تبدیلی نہیں دیکھی گئی۔

گزشتہ سال کے سونامی میں فوکوشیما ڈائیچی پلانٹ کی تباہی کے نتیجے میں دنیا کو چرنوبل ری ایکٹر کی تباہی کے پچیس برس بعد کے شدید ترین ایٹمی حادثے کا سامنا کرنا پڑا تھا اور پانی اور ہوا تابکاری کے اثرات کی لپیٹ میں آ گئے تھے۔

جاپانی علاقے Aomori کے ساحل، جن کے لیے سونامی وارننگ جاری کی گئی
جاپانی علاقے Aomori کے ساحل، جن کے لیے سونامی وارننگ جاری کی گئیتصویر: picture alliance/Christian Kober/Robert Harding World Imagery pixel

آج کے زلزلے کے بعد بھی اس پلانٹ میں کام کرنے والے کارکنوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہو جانے کے لیے کہا گیا۔ واضح رہے کہ فوکوشیما بجلی گھر کی تباہی کے بعد سے جاپان کے50 ایٹمی بجلی گھروں میں سے دو کو چھوڑ کر باقی سبھی میں کام بند ہے اور ٹوکیو حکومت وہاں کیے گئے حفاظتی انتظامات کی جانچ پڑتال کر رہی ہے۔

آج کے زلزلے کے اثرات دارالحکومت ٹوکیو تک بھی محسوس کیے گئے۔ میاگی گزشتہ سال کے زلزلے اور سونامی کے بعد خبروں کا مرکز رہا تھا۔ آج کے زلزلے کے بعد کسی قسم کے نقصان کا جائزہ لینے کے لیے میاگی میں شنکانسین بلٹ ٹرین سمیت تمام ریل گاڑیوں کی آمد و رفت عارضی طور پر روک دی گئی تھی۔

گزشتہ سال مارچ کے سونامی میں زیر آب آ جانے والے سینڈائی ایئر پورٹ کے رَن ویز بھی عارضی طور پر بند کر دیے گئے تھے۔ اطلاعات کے مطابق ناریٹا ایئرپورٹ پر بھی عارضی طور معطل کی گئی پروازیں دوبارہ بحال کر دی گئی ہیں۔ ہوائی میں قائم امریکی ارضیاتی ادارے کا کہنا ہے کہ جاپان میں آنے والے زلزلے سے بحرالکاہل میں بڑے پیمانے پر سونامی کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔

(rk/aa(afp