1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جارج مائیکل کا ’لاسٹ کرسمس‘

26 دسمبر 2016

معروف برطانوی گلوکار جارج مائیکل 53 برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔ ان کے گیت ’لاسٹ کرسمس‘ کا شمار دنیا کے مشہور ترین گیتوں میں ہوتا ہے اور اس گیت کے خالق کی یہ کرسمس بھی آخری ثابت ہوئی۔

https://p.dw.com/p/2UsES
George Michael Konzert
تصویر: picture-alliance/AP Photo/F. Mori

لاسٹ کرسمس نامی گیت تین دسمبر 1984ء میں ریلیز کیا گیا تھا اور اس کے بعد سے شاید ہی کوئی ایسا ملک ہو گا، جہاں کرسمس کے موقع پر یہ گیت کئی مرتبہ نشر نہ کیا جاتا ہے۔ اس گیت کے خالق جارج مائیکل ہی تھے۔ انہوں نے موسیقی کے اپنے سفر کا آغاز اسکول کے اپنے ایک دوست انڈریو رڈگیلی کے ساتھ کیا اور ’ویہم‘ ( Wham) کے نام سے گروپ بنایا۔ ان دونوں کی جوڑی بے حد کامیاب ہوئی اور اس دوران انہوں نے کئی شاندار گیت تخلیق کیے۔

 جارج مائیکل کے پریس ایجنٹ نے بتایا،’’مجھے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے بہت ہی دکھ ہو رہا ہے  کہ ہمارے پیارا بیٹا، بھائی اور دوست جارج مائیکل اب اس دنیا میں نہیں رہا۔ انتقال کے وقت جارج مائیکل گھر پر سو رہے تھے۔‘‘

George Michael - Andrew Ridgeley  - Wham
جارج مائیکل نے اسکول کے اپنے ایک دوست انڈریو رڈگیلی کے ساتھ مل کر ’ویہم ‘ گروپ بنایا تھاتصویر: picture-alliance/Photoshot

آکسفورڈ شائر کے علاقے ٹیمز ویلی کی پولیس نے بتایا کہ اس موقع پر جارج مائیکل کے انتقال کی وجوہات کی وضاحت تو نہیں کی جا سکتی تاہم یہ مشکوک نہیں ہے،’’پوسٹ مارٹم کے بعد ہی  اصل وجہ سامنے آ سکے گی۔‘‘ موسیقی کے ’بل بورڈ‘ میگزین کے مطابق جارج مائیکل کا انتقال دل بند ہو جانے کی وجہ سے ہوا ہے۔

مائیکل کی رحلت پر موسیقار و گلوکار ایلٹن جان نے کہا، ’’میں شدید صدمے میں ہوں۔ میں نے اپنا پیارا دوست کھو دیا ہے۔ انتہائی مہربان اور دریا دل انسان اور شاندار فنکار‘‘۔ میڈونا نے اس موقع پر جارج مائیکل کے ساتھ ایوارڈ لیتے ہوئے ایک تصویر لگاتے ہوئے لکھا،’’ الوداع میرے دوست ، ایک اور عظیم فنکار ہمیں چھوڑ گیا‘‘۔

جارج مائیکل اگلے برس اپنی زندگی کے اتار چڑھاؤ کے موضوع ایک دستاویزی فلم ریلیز کرنے والے تھے۔ اس ماہ کے آغاز میں یہ اعلان بھی سامنے آیا تھا کہ وہ گیت نگار ’ نوٹی بوائے‘ جن کا اصل نام شاہد خان ہے، کے ساتھ ایک نئے البم کی تیاری کر رہے ہیں۔ لاسٹ کرسمس کے علاوہ جارج مائیکل کے معروف گانوں میں کیئرلیس وسپر، فریڈم، ویک می اپ بی فور یُو گوگو شامل ہیں۔

 2004  میں ریلیز کیے جانے والے ان کے آخری البم کا نام ’ سِمفونیکا‘ تھا۔ وہ دو مرتبہ گریمی اور تین مرتبہ برٹس ایوراڈ جیت چکے تھے۔ 1963 میں شمالی لندن میں پیدا ہونے والے جارج مائیکل کے والد کا تعلق یونان سے تھا اور ان والدہ برطانوی تھیں۔ موسیقی کے اس چالیس سالہ دور میں ان کے سو ملین سے زائد البم فروخت ہوئے۔