1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جادو اور مذہب کو جوڑنے کی کوشش، بھارتی فلم پاکستان میں بین

صائمہ حیدر
2 مارچ 2018

پاکستانی حکام کے مطابق ملک میں ایک اور بھارتی فلم کی نمائش پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اس فلم میں مبینہ طور پر جادو ٹونے اور مذہب اسلام کو آپس میں جوڑنے کی کوشش کی گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/2tbjq
Anushka Sharma Bollywood Schauspielerin
تصویر: Getty Images/AFP

گزشتہ سال دسمبر سے لے کر اب تک یہ تیسری بھارتی فلم ہے جس کی پاکستان میں نمائش پر پابندی لگائی گئی ہے۔ پاکستان کے سنسر بورڈ کے اہلکار نثار احمد نے بتایا ہے کہ آج جمعے کے روز سے پاکستان سمیت دنیا کے دیگر کئی ممالک میں معروف بولی ووڈ اداکارہ انوشکا شرما کی ہورَر فلم  ’پری‘ ریلیز ہونا تھی۔

احمد کے مطابق فلم کی نمائش آخری لمحات میں اس لیے منسوخ کر دی گئی کیونکہ فلم میں مبینہ طور پر کالے جادو کو مسلمانوں کی مقدس کتاب قرآن کے ساتھ جوڑا گیا ہے۔ حکام کو خدشہ تھا کہ اگر فلم کو پردہ اسکرین پر لانے کی اجازت دی گئی تو شدید عوامی ردعمل سامنے آ سکتا ہے۔

پاکستان میں تھیٹر کمپنی نیوپلیکس سینما نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ وہ فلم کے ٹکٹ خریدنے والے شائقین کو پیسے واپس لوٹا دیں گے۔

گزشتہ ماہ بھی پاکستانی سنسر بورڈ نے ایک فلم کی نمائش ممنوع قرار دے دی تھی جس میں خواتین کی ماہانہ ماہواری سے متعلق حفظان صحت کے موضوع پر بات کی گئی تھی۔

اس موضوع پر بات کرنا پاکستان سمیت جنوبی ایشیائی ممالک کے بعض حصوں میں ممنوع خیال کیا جاتا ہے۔

اس سے قبل دسمبر کے  ماہ میں بھی انڈین سپر سٹار سلمان خان کی ایک فلم کو پاکستان میں نمائش کی اجازت نہیں ملی تھی۔ اس فلم میں پاکستان کے خفیہ ادارے کا منفی پہلو دکھایا گیا تھا۔

پاکستان اور بھارت یوں تو حریف ممالک ہیں لیکن بھارتی فلمیں اور پاکستانی ڈرامے ہر دو اطراف میں بے حد مقبول ہیں۔