1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

تیل کو روکنے میں برطانوی کمپنی بے بس

16 مئی 2010

برطانوی کمپنی برٹش پٹرولیم خلیج میکسیکو میں سمندر کی تہہ سے بہنے والے تیل کو لوزیانا کے ساحلوں تک پہنچنے سے روکنے میں ناکام دکھائی دے رہی ہے۔ کمپنی کی جانب سے کی جانے والی ایک اور کوشش کامیاب نہیں ہو سکی۔

https://p.dw.com/p/NP5B
تصویر: AP

خلیج میکسیکو میں بہنے والے خام تیل کو روکنے کی ایک اور کوشش ناکام ہو گئی ہے۔ برطانوی کمپنیBP کے مطابق روبوٹ کی مدد سے ایک پائپ کو اس سوراخ پر نصب کرنا تھا، جہاں سے تیل بہہ رہا ہے۔ تاہم عین وقت پر لوہے کے فریم میں نصب یہ پائپ اپی جگہ سے سرک گیا۔ برٹش پیٹرولیم نے اعلان کیا ہے کہ آج شام ایک اور مرتبہ اس طریقہ کار کو دہرایا جائے گا۔خلیج میکسیکو میں سمندر کی تہہ سے تیل نکالنے کے لئے نصب ڈرلنگ پلیٹ فارم پر 20 اپریل کو ایک دھماکہ ہوا تھا جس کے دو دن بعد یہ پلیٹ فارم ڈوب گیا ۔ اس حادثے میں11 کارکن ہلاک ہو گئے تھے۔ جس سوراخ سے مسلسل تیل بہہ رہا ہے، سمندر کی تہہ میں تقریباً ایک ہزار پانچ سو میٹر کی گہرائی میں واقع ہے۔

Infografik Rettungskonzept BP Oelkatastrophe Golf von Mexiko Englisch

برطانوی کمپنی کے مطابق اس روزانہ آٹھ لاکھ لیٹر خام تیل سمندر میں بہہ رہا ہے۔ کمپنی اس بہتے ہوئے تیل کو روکنے کی کئی کوششیں کر چکی ہے تاہم ابھی تک اسے کامیابی حاصل نہیں ہوئی ہے۔ دریں اثناء امریکی حکام نے برٹش پیٹرولیم کے سربراہ ٹونی ہےورڈ سے مطالبہ کیا ہےکہ وہ فوی طور پر بہتے ہوئے تیل سے ہونے والے نقصان اور اس پر اٹھنے والے اخراجات ادا کرنے کی ذمہ داری قبول کریں۔

دوسری جانب امریکی حکام کی اجازت کے بعد ’بی پی‘ سمندر کی تہہ میں موجود تیل کو چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں میں تقسیم کرنے کے لئے کیمیکلز استعمال کرنا شروع کر دیا ہے۔ اس طریقے سے تیل کے سمندر کے کنارے تک پہنچنے کے امکانات بہت کم ہوجاتے ہیں۔ ماہرین ماحولیات کہتے ہیں کہ کیمیکلزآبی حیات کے لئے زہر بن سکتے ہیں۔ یاد رہے کہ لوزیانا ریاست کی تقریبا ڈھائی ہزار بلین ڈالر کی مچھلی کی صنعت ملکی ضروریات کا ایک تہائی حصہ پورا کرتی ہے جبکہ خلیج میکسیکو کے پانیوں کو مچھلی، جھینگوں اور کیکڑوں کی پیداوار کے لئے بہترین قرار دیا جا تا ہے۔ یہ علاقہ نقل مکانی کرنے والے پرندوں کی ایک مرکزی قیام گاہ بھی ہے۔

اس سے قبل برٹش پیٹرولیم یہ طریقہ سمندر کی سطح پر موجود تیل کو ختم کرنے کے لئے استتعمال کر چکی ہے۔

رپورٹ : عدنان اسحاق

ادارت : عاطف توقیر

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں