تہران اور مغرب کے مابین اختلافات پھر واضح
6 فروری 2010امریکہ نے ایران کے متنازعہ جوہری پروگرام پر تہران حکام کے رویے کو صرف بیان بازی کی حد تک محدود قرار دیا ہے۔ انقرہ میں ترک حکام سے ملاقات کے بعد امریکی وزیر دفاع رابرٹ گیٹس نے کہا کہ تہران حکومت نے عملاً ایسا کچھ بھی نہیں کیا جس سے ثابت ہو کہ وہ جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے ٫این، پی، ٹی٫ کے مطابق جوہری ہتھیار کے حصول کا عزم نہیں رکھتا۔
رابرٹ گیٹس نے، ایرانی وزیر خارجہ منوچہر متقی کے اس دعوے کو مسترد کیا کہ فیول ڈیل جلد طے پا جائے گی۔ امریکی وزیر نے کہا، ’’ایران اگر سلامتی کونسل کے پانچ مستقل رکن ممالک اور جرمنی کی تجویز مان لے، جو اسے مان لینی چاہیے تو اسے آئی اے ای اے کو باضابطہ طور پر مطلع کرنا چاہیے۔‘‘
ایرانی صدر احمدی نژاد نے گزشتہ دنوں یورینیم بیرون ملک منتقل کرنے سے متعلق رضامندی ظاہر کرکے تنازعے کے حل کی امیدیں پیدا کردی تھیں۔ احمدی نژاد نے ایک ٹی وی انٹرویو میں اسے معمولی بات قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ خواہ مخواہ معاملے کو طول دیا جارہا ہے، وہ تیار ہیں کہ ساڑھے تین فیصد افزودہ یورینیم مغربی طاقتوں کے حوالے کردیں گے اور چار یا پانچ ماہ بعد ان سے بیس فیصد افزودہ ایندھن حاصل کریں گے۔
میونخ کانفرنس میں، تہران حکومت کے وزیر خارجہ منوچہر متقی نے اس مؤقف کی وضاحت یوں بیان کی: ’’ ہماری سرگرمیاں اب بھی آئی اے ای اے کی جانچ تلے ہیں، وہ یورینیم کی افزودگی روکنے کی بات کرتے ہیں، ہم نے دو سال تک اس پر عمل کیا، اور نتیجہ کیا نکلا ، ہم سے کہا گیا کہ افزودگی مکمل طور پر بند کردی جائے‘‘۔
ایرانی اعلیٰ حکام مغربی ممالک پر شاکی ہیں، پارلیمان کے اسپیکرعلی لاریجانی نے ایک بیان میں کہا کہ تہران پر بیرونی ممالک اپنی مرضی تھونپنا چاہتے ہیں کہ کس طریقے سے جوہری بجلی گھر کے لئے ایندھن حاصل کیا جائے۔ لاریجانی اور دیگر بااثر ایرانی شخصیات جوہری توانائی کے عالمی ادارے کی جانب سے گزشتہ سال اکتوبر میں پیش کی گئی تجویز کی شروع سے سخت مخالفت کررہے ہیں۔
دریں اثنا سلامتی کونسل کے مستقل رکن ممالک مسلسل ایران کو ممکنہ پابندیوں سے خبردار کررہے ہیں۔ معاملے میں ثالث کا کردار ادا کرنے والے ملک جرمنی کے وزیر خارجہ گیڈو ویسٹر ویلے نے بھی ایران پر زور دیا کہ جوہری پروگرام سے متعلق پر امن عزائم عالمی برادری کے سامنے ثابت کرے۔میونخ میں سلامتی سے متعلق کانفرنس میں ویسٹر ویلے نے کہا کہ دنیا جوہری ہتھیار سے مسلح ایران کو تسلیم نہیں کرسکتی۔
رپورٹ : شادی خان سیف
ادارت : عاطف بلوچ