1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

تھائی بم دھماکا، مشتبہ حملہ آور سی سی ٹی وی فوٹیج میں

عاطف بلوچ18 اگست 2015

تھائی حکام نے یقین ظاہر کیا ہے کہ بنکاک کے مشہور مندر میں ہوئے دھماکے کا مشتبہ ملزم سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے۔ پیر کو ہوئے اس بم دھماکے میں کم ازکم بائیس افراد مارے گئے تھے۔

https://p.dw.com/p/1GHMt
تصویر: Reuters/Thai Police

خبر رساں ادارے روئٹرز نے تھائی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایراوان نامی مندر میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں میں زرد رنگ کی شرٹ میں ملبوس ایک مشتبہ شخص کی مشکوک حرکنات ریکارڈ ہوئی ہیں۔ ایک پولیس اہلکار نے کہا ہے، ’’زرد شرٹ والا مشتبہ شخص نہیں بلکہ ہمیں یقین ہے کہ یہی بمبار ہے۔‘‘ تھائی حکام کے مطابق بنکاک کے وسطی اقتصادی مرکز میں ہوا یہ حملہ دراصل ملکی اقتصادیات کو تباہ کرنے کی سازش ہے۔

دریں اثناء منگل کے دن بھی بنکاک میں ایک دھماکا ہوا ہے، لیکن اس میں کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ پولیس نے بتایا ہے کہ نامعلوم شخص نے دریائے پیئر کے پُل سے دھماکا خیز مواد دریا میں پھینکا، جس نے صرف پانی کو ہوا میں اچھالا۔

تحقیقاتی حکام کی طرف سے جاری کردہ فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایراوان مندر میں ایک مشتبہ شخص داخل ہوتا ہے، جس نے زرد رنگ کی شرٹ پہن رکھی ہے اور اس کے پاس ایک بیک پیک (بیگ) بھی ہے۔ سیاہ بالوں والا یہ جوان مرد مندر کی ایک دیوار کے ساتھ بیٹھ جاتا ہے اور اسی دوران وہ اپنا بیگ وہیں رکھ دیتا ہے۔ اس فوٹیج کے مطابق بعد ازاں وہ اپنا بیگ وہیں چھوڑ کر وہاں سے چلا جاتا ہے۔ جس کے کچھ دیر بعد ہی وہاں دھماکا ہو جاتا ہے۔

تھائی پولیس کے سربراہ Somyot Pumpanmuang نے بتایا ہے کہ حملہ آور تھائی لینڈ کا باشندہ بھی ہو سکتا ہے۔ انہوں نے منگل کو ایک پریس کانفرنس میں کہا، ’’اس دھماکے سے قبل ایک مشتبہ شخص وہاں گیا۔ لیکن ہمیں کسی نتیجے پر پہنچنے سے قبل دھماکے سے پہلے اور بعد کی صورتحال کا بغور جائزہ لینا ہو گا۔ ہمیں دیکھنا ہو گا کہ آیا ان واقعات میں کوئی ربط ہے یا نہیں۔‘‘

ابھی تک کسی گروہ نے اس کارروائی کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ وزیراعظم Prayuth Chan-ocha نے عہد کیا ہے کہ وہ اس خونریز کارروائی میں ملوث افراد کو ڈھونڈ نکالیں گے اور انہیں کڑی سے کڑی سزا دی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت مخالف متعدد گروہ سرگرم ہیں لیکن انہوں نے اس بارے میں زیادہ تفصیلات نہیں بتائیں۔

Thailand Explosion in Bangkok
اس کارروائی میں گیارہ غیر ملکی بھی ہلاک ہوئے ہیںتصویر: P. Kittiwongsakul/AFP/Getty Images

منگل کے دن طبی ذرائع نے بتایا کہ اس واقعے میں ہلاک شدگان کی تعداد بائیس ہو چکی ہے، جن میں کئی غیر ملکی بھی شامل ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ اس دوران 123 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ تھائی پولیس کے سربراہ کے مطابق تحقیقاتی ٹیم اس کارروائی کے لیے تھائی سیاست اور ایغور نسل کے ساتھ تنازعے جیسے تمام پہلوؤں پر غور کر رہی ہے۔

یہ امر اہم ہے کہ ایراوان مندر بنکاک کے مرکز میں واقع ہے، جہاں مشہور ہوٹل اور سیاحوں کی دلکشی کے کئی مقامات موجود ہیں۔ اس علاقے میں جانے والے غیر ملکیوں میں زیادہ تر سیاحوں کا تعلق مشرقی ایشیا اور چین سے ہوتا ہے۔ اس تشدد کے بعد بنکاک میں ایک سوگ کا عالم ہے۔ مقامی افراد نے اس خونریز حملے میں ہلاک ہونے والوں کے لیے دعاؤں اور خصوصی یادگاری تقریبات کا اہتمام بھی کیا ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید