1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

تھائی لینڈ: درجنوں افراد انسانی اسمگلنگ کے قصور وار قرار

William Yang/ بینش جاوید خبر رساں ادارے
19 جولائی 2017

تھائی لینڈ کی ایک عدالت نے درجنوں افراد کو انسانی اسمگلنگ کے جرم کا قصور وار قرار دے دیا ہے۔ روہنگیا اور بنگلہ دیشی افراد کی اسمگلنگ کے اس معاملے میں ایک سینیئر فوجی جنرل اور سرکاری اہلکاروں کے نام بھی شامل ہیں۔

https://p.dw.com/p/2gngj
Thailand Offizier stellt sich wegen Menschenhandel
تصویر: Reuters/D. Sagolj

تھائی لینڈ کی حکومت نے مئی 2015ء میں ایک ایسے نیٹ ورک کے خلاف کریک ڈاؤن کیا تھا جو بنگلہ دیشی اور روہنگیا تارکین وطن کو غیر قانونی طور پر تھائی لینڈ کے راستے ملائیشیا تک پہنچا رہا تھا۔ ان میں سے بہت سوں کو جنگلوں میں قائم کیمپوں میں تاوان کی وصولی کے لیے یرغمال بھی رکھا جاتا تھا۔ 

اس کریک ڈاؤن کے سبب جنوبی مشرقی ایشیا کے بہت سے حصوں میں ایک بحرانی صورتحال پیدا ہو گئی تھی کیونکہ انسانی اسمگلنگ کرنے والے، ایسے ہزاروں لوگوں کو جنگلوں میں قائم کیمپوں میں اکیلا چھوڑ کر فرار ہو گئے تھے۔ ان میں سے سینکڑوں لوگ یا تو جنگلوں ہی میں ملیریا اور بھوک کے باعث ہلاک ہو گئے تھے یا پھر وہ ایسی کشتیوں میں پھنس کر رہ گئے جو ملائیشیا، انڈونیشیا اور تھائی لینڈ کے درمیانی سمندری علاقے میں موجود تھیں۔

انسانی حقوق کی تنظیموں کی طرف سے طویل عرصے سے اس جانب توجہ مبذول کرائی جا رہی تھی کہ تھائی لینڈ کے جنوبی صوبوں کی طرف سے ہونے والی انسانی اسمگلنگ کی اس تجارت میں یا تو حکام ملوث تھے یا پھر وہ اس سب معاملے کو نظر انداز کر رہے تھے۔

تھائی حکومت کے کریک ڈاؤن سے پتہ چلا کہ فوج، پولیس، مقامی سیاستدانوں اور مافیا کے ایسے لوگوں کا ایک گٹھ جوڑ اس تجارت کے پیچھے تھا اور ایشیا کے غریب ترین اور مشکلات میں گھرے انسانوں سے پیسے بٹورنے میں مصروف تھا۔

آج بدھ 19 جولائی کو بینکاک کی فوجداری عدالت کے ججوں نے 103 ملزمان کے حوالے سے اپنے فیصلے سنائے۔ ایک ملزم ریمانڈ کے دوران ہلاک بھی ہو چکا ہے۔ ان ملزمان پر انسانی اسمگلنگ، تاوان اور قتل کے الزامات عائد ہیں۔ تمام ملزمان ان الزامات سے انکاری ہیں۔

Thailand Massengrab Migranten
سینکڑوں لوگ یا تو جنگلوں ہی میں ملیریا اور بھوک کے باعث ہلاک ہو گئے تھے یا پھر وہ ایسی کشتیوں میں پھنس کر رہ گئے جو ملائیشیا، انڈونیشیا اور تھائی لینڈ کے درمیانی سمندری علاقے میں موجود تھیںتصویر: Reuters/D. Sagolj

ملزمان میں تھائی فوج کے لیفٹیننٹ جنرل مانس کونگپن بھی شامل ہیں اور یہ اعلیٰ ترین شخصیت ہیں جن پر یہ مقدمہ چلایا جا رہا ہے۔ کونگپن ملک کے جنوبی حصے کی سکیورٹی کے ذمہ داران میں شامل تھے۔ دو صوبائی سیاستدانوں کے علاوہ ایک آرمی کیپٹن، چار اعلیٰ پولیس افسران، ایک نرس اور کئی دیگر اہلکار بھی شامل ہیں۔ ان پر انسانی اسمگلنگ سے لے کر غلامی پر مجبور کرنے جیسے الزامات عائد ہیں۔

ہیومن رائٹس واچ کے تھائی لینڈ سے تعلق رکھنے والے ایک محقق سونائی فاسوک کے مطابق تھائی لینڈ میں انسانی اسمگلنگ کے ذمہ داران کو زیادہ سے زیادہ موت کی سزا بھی سنائی جا سکتی ہے۔