تمام امریکیوں کا صدر ہوں گا، ڈونلڈ ٹرمپ
9 نومبر 2016وہ اب تک 288 الیکٹورل ووٹ حاصل کر چکے ہیں۔ جیت کے لیے انہیں 270 ووٹ درکار تھے۔ اب تک آنے والے نتائج کے مطابق ڈیموکریٹک پارٹی کی طرف سے ٹرمپ کی حریف ہیلری کلنٹن نے 218 الیکٹورل ووٹ حاصل کیے ہیں۔
جیت کے بعد نیویارک میں اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے وعدہ کیا کہ وہ ’’تمام امریکیوں کے صدر‘‘ ہوں گے۔ انہوں نے عوام کو متحد ہونے کا کہا۔ ٹرمپ کے مطابق، ’’امریکا کے لیے اب وقت آ گیا ہے کہ تقسیم کے زخموں مندمل کیا جائے۔ اور وقت آ گیا ہے کہ ہم متحد ہو کر ایک ہو جائیں۔‘‘ اپنے خطاب میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ان کی حکومت کا وقت ’’قومی ترقی اور تجدید‘‘ کا وقت ہو گا۔
منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نیویارک میں اپنے حامیوں سے خطاب میں بتایا کہ ان کی حریف ہیلری کلنٹن نے ٹیلفون پر انہیں اس کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے بھی کلنٹن اور ان کے خاندان کو شاندار انتخابی مہم پر مبارکباد پیش کی۔ ٹرمپ کے مطابق کلنٹن کی امریکا کے لیے خدمات پر عوام ان کے مشکور ہیں۔
دوسری طرف امریکی کانگریس کے انتخابات میں ریپبلکن پارٹی اپنی برتری کا دفاع کرنے میں کامیاب ہو گئی ہے۔ غیر حتمی نتائج کے مطابق 435 میں سے رپبلکن پارٹی نے کم از کم 235 نشستیں حاصل کر لی ہیں۔ تاہم اب ڈیموکریٹک پارٹی کے پاس صرف سینیٹ میں اکثریت حاصل کرنے کی امید باقی بچی ہے۔ امریکا میں صدارتی انتخابات کے ساتھ ساتھ ایوان نمائندگان کے 435 اور سینیٹ کے ایک تہائی یعنی چونتیس ارکان کو بھی منتخب کیا جا رہا ہے۔