1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ترکی توانائی کی ضروریات پورا کرنے میں پاکستان کی مدد کرے گا، عبداللہ گل

31 مارچ 2010

ترکی کے صدر عبداللہ گل پاکستان کے چار روزہ دورے پر اسلام آباد میں ہیں۔ آج ترکی اور پاکستان کے مابین تین یاد داشتوں پر بھی دستخط کئےگئے۔

https://p.dw.com/p/MjIc
پاکستان اورترکی کے درمیان تاریخی اعتبار سے معمول سے بڑھ کر تعلقات رہے ہیں، عبداللہ گلتصویر: AP

پاکستانی صدر زرداری اور ترک صدرعبداللہ گل نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب بھی کیا، جس میں دہشت گردی اوردو طرفہ تعلقات کو خاص اہمیت دی گئی۔

پاکستان اور ترکی کے مابین جن تین یادداشتوں پردستخط ہوئے ہیں ان کا تعلق ذراعت، تجارت اور توانائی کے شعبے میں اشتراک عمل سمیت دیگرترقیاتی منصوبہ بندی سے ہے۔ ترک صدرعبداللہ گل نے کہا کہ پاک افغان تعلقات کی بہتری خطے کے استحکام کے لئے بہت اہم ہے۔ پاکستان اور افغانستان کو قریب لانے میں ترکی نے نمایاں کردارادا کیا ہے۔ ایران پاکستان گیس پائپ لائن پر دستخط بھی ترکی میں ہوئے۔ اس کے علاوہ ترکی طالبان کے ساتھ مذاکرات میں ثالثی کردار ادا کرنے کی پیش کش بھی کرچکا ہے۔

Abdullah Gul mit Asif Ali Zardari und Hamid Karzai
پاکستان اور افغانستان کو قریب لانے میں ترکی نے نمایاں کردارادا کیا ہےتصویر: AP

اس سے قبل صدرعبداللہ گل اپنے ایک انٹریو میں کہہ چکے ہیں کہ مسئلہ کشمیر پرترکی نے ہمیشہ پاکستان کے موقف کی تائید کی ہے اوراس کے حل کے لیے ممکنہ کردارادا کرنے کے لیے تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اورترکی کے درمیان تاریخی اعتبار سے معمول سے بڑھ کرعوامی سطح پربڑے مضبوط، دوستانہ اورقریبی تعلقات قائم ہیں۔

ترک صدر کے وفد میں وزرا، تاجر اور صنعت کار بھی شامل ہیں۔ ترک صدرعبداللہ گل نے کہا ہے کہ ترکی پاکستان میں توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کرے گا۔ ترک صدر کو آج قائد اعظم یونیورسٹی کی جانب سے بین الاقوامی تعلقات میں ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری بھی دی گئی۔ اپنے دورے کے دوران صدرعبداللہ گل لاہوربھی جائیں گے، جہاں ان کے اعزاز میں وزیراعظم یوسف رضا گیلانی استقبالیہ دینگے۔

رپورٹ : عدنان اسحاق

ادارت : کشور مصطفی