تحفظ ماحولیات: یورپ کے ہیرو
ڈی ڈبلیو کے دو رپورٹرز نے ایسے مقامی لوگوں سے ملاقات کے لیے یورپ بھر کا سفر کیا جنہوں نے تحفظ ماحولیات کے لیے اختراعی طریقے تلاش کیے ہیں تاکہ بڑھتی ہوئی عالمی حدت کو روکا جا سکے۔
جنگلات کے تحفظ کی جنگ
موری اور مِیلا جرمنی کے قدیم جنگل ’ہیمباخر فوریسٹ‘ کو بچانے کے لیے پر عزم ہیں۔ جرمن توانائی کی کمپنی RWE کوئلے کی کان کو توسیع دینے کے لیے ان جنگلات کو کاٹنا چاہتی ہے۔ اس پیشرفت کو روکنے کے لیے موری اور میلا نے درخت پر بنے ایک چھوٹے سے گھر ’ٹری ہاؤس‘ میں رہائش اختیار کر لی ہے۔
ایمسٹرڈیم کی نہروں سے پلاسٹک کا صفایا
ایمسٹرڈیم کی نہریں پلاسٹک کی بوتلوں سے بھری نظر آتی تھیں مگر اب ماریوس سِمٹ نے ان کو نہروں سے نکالنے کا کام شروع کر دیا ہے۔ ان کی کمپنی ’پلاسٹک وہیل‘ ان بوتلوں سے کشتیاں بناتی ہے۔ اس طرح نہروں کی صفائی بھی ہو رہی ہے اور ان کی کمپنی کی تیار کردہ کشتیاں ان نہروں کی خوبصورتی میں اضافہ بھی کرتی ہیں۔
ضائع کرنے سے قبل خوراک کو چکھ کر دیکھ لیں
لوآنا کاریٹو کا کہنا ہے کہ پلاسٹک میں لپٹی خوراک ابھی قابل استعمال ہوتی ہے مگر اکثر لوگ اس کی شکل دیکھ کر اسے ضائع کر دیتے ہیں۔ اسی لیے انہوں نے ایمسٹرڈیم میں ’ضائع کرنے سے قبل ایک مرتبہ چکھ لیں‘ نامی ایک تحریک کا آغاز کیا ہے۔ وہ ایسی خوراک کو ضائع کرنے کی بجائے اسے ضرورت مندوں تک پہنچانے کی حامی ہیں۔
کلین ٹیکنالوجی کا سر خیل
گُوس فان ڈیر وین نے ایمسٹرڈیم کے پرانے شپ یارڈ میں ایک ’گرین ٹیک پلے گراؤنڈ‘ بنانے میں مدد کی ہے، جسے ’ڈے سیوویل‘ کا نام دیا گیا ہے۔ یہ جگہ کبھی بہت زیادہ آلودہ تھی مگر اب یہاں قابل تجدید توانائی اور ری سائیکلیڈ میٹریلز پر کام کرنے والے ماہرین کے لیے جگہ بنا دی گئی ہے۔
قانونی چارہ جوئی
2009ء میں 195 ممالک نے اتفاق کیا تھا کہ عالمی حدت کو دو ڈگری سینٹی گریڈ سے بڑھنے نہیں دیا جائے گا۔ ان میں بیلجیئم بھی شامل تھا جہاں ابھی تک کوئی قابل ذکر پیشرفت نہیں ہوئی۔ اب ایک غیر سرکاری تنظیم کی ڈائریکٹر اِگنیس شاپس نے ایک اور گروپ کے ساتھ مل کر بیلجیئم کی پارلیمان کے خلاف ایک مقدمہ قائم کر رہی ہیں کہ ملک میں کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج کو 2020ء تک 25 سے 40 فیصد تک کم کرنے کا پابند کیا جائے۔
شمسی توانائی کا فروغ
ٹوبیاس پاسٹُلکا کشتیوں کے دلدادہ ہیں اور تحفظ ماحول کے علمبردار۔ انہوں نے ایک پرانی مچھلیاں پکڑنے والی کشتی کو شمسی توانائی سے چلنے والی کشتی میں بدل دیا ہے۔ اب وہ اسکول کے بچوں، سیاحوں اور دیگر لوگوں کو اپنی کشتی کی سیر کراتے ہیں اور انہیں شمسی توانائی کی ضرورت سے آگاہ کرتے ہیں۔
ماحول دوست سواری
گوئیڈو بورگرس اس سائیکل رکشہ پر سیاحوں کو برلن کی سیر کراتے ہیں اور اس طرح ضرر رساں گیسوں کے اخراج میں کمی کا ذریعہ بن رہے ہیں۔ وہ بطور گائیڈ لوگوں کو جرمنی کے تاریخی مقامات کی سیر بھی کراتے ہیں۔
پیکنگ کے بغیر خوراک
جرمنی میں ہر شخص اوسطاﹰ سالانہ 250 کلوگرام کوڑا کرکٹ پیدا کرتا ہے۔ میلینا گلیمبوسکی سمجھتی ہیں کہ بازار میں فروخت ہونے والی پلاسٹک میں لپٹی اشیاء بھی اس کی ایک وجہ ہیں لہذا اب وہ برلن کی پہلی پیکج فری مارکیٹ ’اوریجنل انفیئرپاکٹ‘ نامی مارکیٹ سے خریداری کرتی ہیں۔ یہاں 400 سے زائد اشیاء پیکنگ کے بغیر دستیاب ہیں۔
کوئلے کی کان فیسٹیول کا مقام
یہ جگہ کبھی کان کنی کا مقام ہوا کرتا تھا مگر اب اس مقام کو فیسٹیول کی جگہ بنا دیا گیا ہے۔ یہ پانچ کھدائی کرنے والی مشینیں ایک ڈرامائی ماحول پیدا کرتی ہیں اور جہاں 25000 افراد رات بھر ڈانس کر سکتے ہیں۔ فیرو پولِس نامی اس فیسٹیول سائٹ کے چیف ایگزیکٹیو افسر تھِیس شروئڈر یہاں ایک ماحول دوست فیسٹیول منعقد کرانے کے خواہشمند ہیں۔ فیروپولس کی 75 فیصد بجلی کی ضرورت شمسی توانائی سے پوری کی جاتی ہے۔
توانائی کے مستقبل کا تجزیہ
’وِنڈ ٹیسٹ گریون بروئش‘ نامی کمپنی پون چکیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیتی ہے۔ اس طرح سے حاصل ہونے والا ڈیٹا وِنڈ ٹربائنز بنانے والی کمپنیوں کو ان ٹربائنز کی کارکردگی بہتر کرنے کے لیے فراہم کیا جاتا ہے۔ بینجمن کا کام ایسی جگہوں نشاندہی ہے جہاں کاربن فری توانائی کے حصول کے لیے نئی پون چکیاں لگائی جا سکیں۔