تامل باغیوں کے خلاف بھاری ہتھیار استمال نہ کرنے کا حکومتی فیصلہ
27 اپریل 2009تامل ٹائیگرز کا کہنا ہے کہ بمباری ابھی بھی جاری ہے۔ فوج کا دعویٰ ہے کہ باغیوں کے خلاف ان کا آپریشن اب اپنے حتمی مرحلے میں ہے۔ حکومت اور فوج یہ دعوے بھی کررہی ہیں کہ ملک کے جنگ زدہ علاقے سے عام شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے تمام تر کوششیں کی جارہی ہیں تاہم باغیوں کا کہنا ہے کہ ایسے دعوے عالمی برادری کو دھوکہ دینے کے لئے کئے جارہے ہیں۔
عینی شاہدین کے مطابق آج بھی سری لنکا کے شمال مشرقی ساحلی علاقے Mullativu میں فوج اور باغیوں کے مابین وقفے وقفے سے جھڑپیں ہوتی رہیں۔ دوسری طرف تامل باغیوں کے تقریباً ڈیڑھ سو حامیوں نے لندن میں پرتشّدد مظاہرے کئے اور فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔
گُذشتہ دنوں کے دوران جرمنی میں آباد تامل باشندوں نے بھی سری لنکا حکومت کے خلاف برلن اور ڈوسیلڈورف میں مظاہرے کئے تھے۔ سری لنکا میں 1983ء سے تامل باغی تنظیم ’دی لبریشن ٹائیگرز آف تامل ایلام‘ کے مسلح افراد ایک علیحدہ تامل ریاست کے لئے حکومت کے خلاف برسرپیکار ہیں۔