1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

تارکِ وطن کی ملک بدری، جرمن پولیس اور مہاجرین میں تصادم

3 مئی 2018

جرمنی کے ایک پناہ گزین مرکز میں پولیس اور مہاجرین کے درمیان تنازعے کے بعد آج صبح سینکڑوں پولیس اہلکار تعنیات کر دیے گئے ہیں۔ یہ تعیناتی ایک تارک وطن کو اُس کے آبائی وطن واپس بھیجنے میں ناکامی کے بعد عمل میں لائی گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/2x5P8
Deutschland Polizeieinsatz im Flüchtlingsheim
پولیس کا کہنا ہے کہ صورت حال اس حد تک خطرناک ہو گئی تھی کہ اُن کے لیے مزید کارروائی کرنا مشکل تھاتصویر: picture-alliance/dpa/S. Puchner

جنوبی جرمنی کے شہر ایلوانگن میں مہاجرین کے لیے قائم کیے گئے ایک مرکز میں کئی افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ایک شخص کو پولیس اپنے ساتھ کسی دوسرے مقام پر بھی لے گئی ہے۔ ابھی یہ واضح نہیں کہ منتقل کیا جانے والا تارک وطن وہی شخص تھا جسے ملک بدر کیا جا رہا تھا یا نہیں۔

یہ تمام کارروائی مغربی افریقی ملک ٹوگو کے ایک مہاجر کو ملک بدر کرنے کی ناکام کوشش کے بعد کی گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ صورت حال اس حد تک خطرناک ہو گئی تھی کہ اُن کے لیے مزید کارروائی کرنا مشکل تھا۔

پولیس کے مطابق قریب ڈیڑھ سو سے دو سو مہاجرین نے پولیس کی گاڑیوں کو گھیرے میں لے لیا، انہیں ہراساں کیا، جس کے بعد بالآخر پولیس کو لے جائے جانے والے مہاجر کی ہتھکڑیاں کھولنی پڑیں۔

اطلاعات کے مطابق اس پولیس آپریشن میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ان میں وہ تارکین وطن بھی شامل ہیں جنہوں نے عمارت کی کھڑکیوں سے باہر چھلانگ لگا دی تھی۔

Deutschland Polizeieinsatz im Flüchtlingsheim
تصویر: picture-alliance/dpa/S. Puchner

کارروائی میں تین پولیس والے بھی معمولی زخمی ہوئے۔

پولیس ترجمان نے عمارت سے باہر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایمرجنسی سروس کے اداروں کو کافی کام کرنا پڑا ہے۔ پولیس ترجمان نے مزید بتایا کہ وہ اب بھی ٹوگو سے تعلق رکھنے والے تیئیس سالہ مہاجر کو ملک بدر کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں تاہم جب تک کارروائی مکمل نہیں ہو جاتی مزید تفصیلات فراہم نہیں کی جائیں گی۔

جس عمارت میں پناہ گزینوں کا یہ مرکز قائم کیا گیا ہے وہ پہلے جرمن فوج کے زیر استعمال ہوا کرتی تھی۔ بتایا گیا ہے کہ اس تنازعے کے بعد پولیس اہلکار کی کئی درجن بسوں میں بھر کر یہاں لائے گئے اور آس پاس کی سڑکوں کو بند کر دیا گیا ہے۔

ص ح/ ڈی پی اے