1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بین الاقوامی ٹینس فیڈریشن کی جانب سے سویڈن پر جرمانہ

3 اپریل 2009

بین الاقوامی ٹینس فیڈریشن نے سویڈش ٹینس فیڈریشن پر پچیس ہزار ڈالرز کا جرمانہ عائد کردیا ہے اور اس کے علاوہ سویڈن کے شہر مالمو پو ڈیوس کپ کے میچ منعقد کرنے پر پانچ برس تک کی پابندی عائد کردی ہے۔

https://p.dw.com/p/HPGt
آئی ٹی ایف کے فیصلے کو مالمو کے شہریوں نے سویڈن میں ٹینس کے لیے نقصان دہ قرار دیا ہےتصویر: AP

یہ جرمانہ سویڈش ٹینس فیڈریشن پر گزشتہ مہینے اسرائیل کی ٹیم کے ساتھ ایک میچ کو بغیر تماشائیوں کے بند اسٹیڈیم کے اندر کروانے پر عائد کیا گیا ہے۔ سویڈن کے شہر مالمو کی انتظامیہ کے مطابق اس نے یہ میچ اسرائیلی کھلاڑیوں کی حفاظت کی خاطر بنا تماشائیوں کے منعقد کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

بین الاقوامی ٹینس فیڈیریشن کی ویب سائٹ پر جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈیوس کپ کمیٹی مالمو کی شہری حکومت کی اس فیصلے کی شدید مذمت کرتی ہے جس میں اس نے شہریوں کے میچ دیکھنے پر پابندی عائد کرکے اسے بند اسٹیڈیم میں کروایا۔

سویڈن اس فیصلے کے خلاف اپیل کرنے پر غور کررہا ہے کیوں کہ اس کے مطابق مذکورہ میچ میں اسرائیلی کھلاڑیوں کو مسلمان اور عرب تماشائیوں کی جانب سے خطرہ لاحق تھا۔ قبل از میچ اسرائیلی کھلاڑیوں کی موجودگی کے خلاف چھ ہزار افراد نے مالمو میں مظاہرہ بھی کیا تھا۔

واضح رہے کہ یہ میچ اسرائیل کی ٹیم تین دو سے جیت گئی تھی۔ مالمو میں اس فیصلے پر شدید رنج پایا جاتا ہے اور اس فیصلے کو مالمو میں کھیلوں کے لیے نقصان دہ قرار دیا گیا ہے۔ میچ سے قبل اسرائیلی کھلاڑی اینڈی ریم نے میچ میں تماشائیوں کی شرکت کو روکنے کے عمل کو ’احمقانہ‘ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ یہ متحدہ عرب امارات کے اس فیصلے سے بھی بدتر تھا جس میں اس نے اسرائیلی خاتون کھلاڑی کو فروری میں ہونے والے دبئی ٹورنامنٹ میں شرکت سے روک دیا تھا۔ اینڈی ریم کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات کے ساتھ تو اسرائیل کے سفارتی تعلقات نہیں ہیں مگر سویڈن نے ایسا کیوں کیا وہ سمجھ نہیں سکتے۔