بیلجیئم میں دو ٹرینوں کی ٹکر، کم از کم 20 ہلاک
15 فروری 2010ایک دوسرے سے ٹکرانے والی یہ ریل گاڑیاں کام پر جانے والے مسافروں سے بھری ہوئی تھیں۔ Halle شہر کے میئر ڈِرک پیٹرز نے فلیمش پبلک ٹی وی VRT اور قومی پریس ایجنسی بیلگا کو بتایا کہ کم از کم 20 افزاد ہلاک ہوئے ہیں۔
میئر نے مزید بتایا:’’تمام امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچی ہوئی ہیں۔ شدید زخمیوں کو ہسپتال لے جانے سے پہلے موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔‘‘ میئر کے برعکس پولیس کا خیال ابھی یہی ہے کہ کم از کم 12 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
بتایا جا رہا ہے کہ ٹکر بڑی شدید تھی، متعدد مسافروں کو گہرے زخم آئے ہیں اور کئی ایک کے اعضاء غالباً کاٹنا پڑیں گے۔ حادثے کے نتیجے میں کئی بوگیاں الٹ گئیں۔
اِس حادثے کے باعث ریل گاڑیوں کی آمدورفت شدید طور پر متاثر ہوئی ہے۔ بیلجیئم سے فرانس اور انگلینڈ جانے والی ریل گاڑیوں کے شیڈول میں زبردست خلل پڑا ہے۔ برسلز سے پیرس جانے والی تیز رفتار گاڑیاں اب مزید سفر نہیں کر رہیں اور غالباً پیر کا پورا دن ریلوے ٹریکس خلل کا شکار رہیں گے۔
واضح رہے کہ سن 2008ء میں وسطی بیلجیئم میں غلط رُخ پر سفر کرنے والی ایک مسافر ٹرین ایک مال بردار گاڑی سے ٹکرا گئی تھی اور چالیس سے زیادہ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ اُس حادثے کی وجہ انسانی غلطی قرار دی گئی تھی۔
رپورٹ: امجد علی
ادارت: گوہر نذیر گیلانی