1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’بہت بہت مبارک ہو، ظلم و ناانصافی کو ایک دن مٹنا ہی ہوتا ہے‘

بینش جاوید
1 جون 2018

پاکستان کی سپریم کورٹ نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے  اس فیصلے کو کالعدم قرار دے دیا ہے جس کے تحت  ملک کےسابق وزیر خارجہ اور مسلم لیگ نون کے  رہنما خواجہ آصف کو تا حیات نا اہل قرار دیا گیا تھا۔

https://p.dw.com/p/2yn5L
Pakistan Verteidigungsminister Khawaja Muhammad Asif
تصویر: picture-alliance/Anadolu Agency

سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ نے جس کی سربراہی جسٹس عمر عطا بندیال کر رہے تھے، آج خواجہ آصف کی جانب سے  دائر اپیل کا فیصلہ سنایا۔ خواجہ آصف کے وکیل منیر اے ملک نے  پاکستانی اخبار ڈان کو بتایا،’’ اب خواجہ آصف انتخابات میں حصہ لے سکتے ہیں۔‘‘

اس سال 26 اپریل کو اسلام آباد ہائی کورٹ نےآئین کے آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت انہیں متحدہ عرب امارات کی ایک کمپنی میں اپنی ملازمت  اور ماہانہ آمدنی ظاہر نہ کرنے کے جرم میں عمر بھر کے لیے نااہل قرار دے دیا تھا۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار  2017ء میں خواجہ آصف کے خلاف عدالت گئے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ خواجہ آصف نے 2013 کے انتخابات کے نامزدگی کے کاغذات میں نہ تو اپنی متحدہ عرب امارات کی کمپنی کی نوکری کے بارے میں آگاہ کیا تھا اور نہ ہی وہاں سے موصول ہونے والی تنخواہ کا بتایا تھا۔ تاہم خواجہ آصف کی جانب سے کہا گیا تھا کہ انہوں نے اپنے کاغذات نامزدگی  میں 50 ہزار اماراتی درہم کی آمدنی کو ظاہر کیا ہوا تھا۔

سپریم کورٹ کے آج کے فیصلے کے بعد آصف نے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر لکھا،’’اللہ نے مجھ عاجز اور گناہ گار پر رحم اور کرم کیا ہے۔ رب العزت کا احسا ن اور مہر بانیوں کا شمار ہی نہیں، میں عدلیہ  کا شکریہ ادا کرتا  ہوں۔‘‘

اس فیصلے کے بعد پاکستان میں ٹوئٹر پر سب سے زیادہ ہیش ٹیگ خواجہ آصف استعمال کیا جا رہا ہے۔ پاکستانی چینل جیو نیوز کے ڈائریکٹر نیوز رانا جواد نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر لکھا،'' اسلام آباد ہائی کورٹ کے اتنے زیادہ فیصلے سپریم کورٹ کی جانب سے کالعدم قرار دیے گئے ہیں کہ ان کو یاد رکھنا بھی مشکل ہے۔‘‘

مریم نواز شریف نے خواجہ آصف کی ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے لکھا،’’بہت بہت مبارک۔ ظلم و ناانصافی کو ایک دن مٹنا ہی ہوتا ہے۔‘‘

سن دو ہزار تیرہ میں خواجہ آصف سے شکست کھانے والے پی ٹی آئی کے رہنما عثمان ڈار نے اس فیصلے پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے ایک ٹوئٹ پیغام میں لکھا،’’خواجہ آصف کو فیصلہ ان کے حق میں آنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ اب ان سے مقابلہ عوام کی عدالت میں ہو گا۔‘‘

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں