1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارتی فوج کی فائرنگ، دو مختلف واقعات میں سات افراد ہلاک

امتیاز احمد18 ستمبر 2015

بھارتی فوج نے کشمیر کے سرحد کے قریب چار مشتبہ باغیوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ پاکستان نے بھی سرحد پر بھارتی فائرنگ سے اپنے تین شہریوں کی مبینہ ہلاکت پر بھارت سے احتجاج کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1GYob
Grenze zwischen Indien und Kaschmir
تصویر: picture-alliance/dpa/J. Singh

بھارتی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے اپنے زیر کنٹرول کشمیر میں مبینہ طور پر چار باغیوں کو ہلاک کر دیا ہے۔ بھارتی فوج کے الزام کے مطابق یہ چاروں افراد پاکستانی حدود سے بھارت میں چھپ کر داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔ یاد رہے کہ ایسا کم ہی ہوا ہے کہ بھارت کی طرف سے ہلاک ہونے والے باغیوں کی لاشیں میڈیا کے سامنے پیش کی جائیں یا ان دعوؤں کی آزاد ذرائع سے تصدیق ہو پائے۔

بھارتی فوج کے ترجمان کرنل این این جوشی کا کہنا تھا کہ ان باغیوں نے جمعے کی صبح سویرے گورائی کے علاقے سے لائن آف کنٹرول کو عبور کیا اور یہ علاقہ مرکزی شہر سری نگر سے تقریباﹰ 130 کلومیٹر شمال میں واقع ہے۔ اس فوجی ترجمان کا کہنا تھا، ’’دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے چار عسکریت پسندوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔‘‘ پاکستان کی طرف سے ابھی اس الزام کا کوئی بھی جواب سامنے نہیں آیا ہے۔

نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق بھارت باقاعدگی کے ساتھ پاکستان پر ایسے الزامات عائد کرتا رہتا ہے جبکہ پاکستان اس کی تردید کرتا ہے۔ پاکستان کا کہنا ہے کہ وہ کشمیریوں کی سفارتی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے اور ایسا مستقبل میں بھی جاری رکھا جائے گا۔ کشمیر بھارت کی واحد مسلم اکثریتی ریاست ہے اور اس ریاست میں متعدد باغی گروپ حکومت مخالف مسلح کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ یہ گروپ گزشتہ کئی دہائیوں سے آزادی یا پاکستان کے ساتھ ممکنہ الحاق کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ ابھی تک اس تنازعے میں ہزاروں افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

پاکستانی احتجاج

دوسری جانب پاکستان نے کہا ہے کہ بھارتی فورسز کی فائرنگ سے ان کے زیر کنٹرول کشمیر میں مبینہ طور پر تین شہری مارے گئے ہیں۔ پاکستانی وزارت خارجہ کے ترجمان قاضی خلیل نے کہا ہے کہ آج اسلام آباد میں بھارتی سفارتخانے کے ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کرتے ہوئے احتجاج ریکارڈ کرایا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ بھارتی فائرنگ سے نکیال سیکٹر میں ایک تیرہ سالہ بچی اور دو مرد ہلاک ہوئے ہیں۔

پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان کا مزید کہنا تھا، ’’بھارتی سیکیورٹی فورسز کی طرف سے جنگ بندی کی مسلسل بلا اشتعال خلاف ورزیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا ہے اور یہ کہ عام شہریوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔‘‘