1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارتی ریاست کیرالہ میں بینظیر بھٹو کی تصویروں والے پوسٹر

جاوید اختر، نئی دہلی
7 جنوری 2023

بائیں بازو کی ایک خاتون تنظیم نے اپنی نیشنل کانفرنس کے موقع پر ریاستی دارالحکومت کے تمام اہم مقامات پر پاکستان کی سابق وزیر اعظم بینظیر بھٹو کی تصاویر والے ہورڈنگ اور پوسٹر آویزاں کیے ہیں۔ بی جے پی نے اس کی مذمت کی ہے۔

https://p.dw.com/p/4Lqea
Benazir Bhutto I pakistanische Politikerin
تصویر: ZUMA Wire/IMAGO

بائیں بازو کی جماعت کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ) کے خواتین ونگ، آل انڈیا ڈیموکریٹک ویمنز ایسوسی ایشن (اے آئی ڈی ڈبلیو اے) کا چار روزہ قومی اجلاس ان دنوں جنوبی ریاست کیرالہ کے دارالحکومت تھرواننتاپورم میں چل رہا ہے۔ جمعہ چھ جنوری سے شروع ہونے والی یہ نیشنل کانفرنس پیر تک چلے گی۔

اے آئی ڈی ڈبلیو اے(آئیڈوا) نے اس موقع پر شہر کے تمام اہم مقامات پر جو ہورڈنگز اور پوسٹرز لگائے ہیں ان میں پاکستان کی سابق وزیر اعظم بینظیر بھٹو  کی تصویر موجود ہے۔ حتیٰ کے کانفرنس کے دعوت ناموں پر بھی بینظیر بھٹو کی تصویر استعمال کی گئی ہے۔ اور جس جگہ کانفرنس ہورہی ہے اس کو بینظیر بھٹو اسکوائر کا نام دیا گیا ہے۔

بینظیر بھٹو کی تصویر کے ساتھ ان کے بارے میں ایک پیراگراف بھی لکھا گیا ہے: ''بینظیر بھٹو پاکستان کی پہلی خاتون وزیراعظم جنہیں ہارورڈ سمیت دنیا کی نو بہترین یونیورسٹیوں سے ڈاکٹریٹ کی ڈگریاں دی گئیں۔‘‘

بی جے پی جانب سے سخت مذمت

ریاست کیرالہ میں بائیں بازو کی جماعتوں کے اتحاد لیفٹ ڈیموکریٹک فرنٹ (ایل ڈی ایف) کی حکومت ہے۔ ہندو قوم پرست جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) جنوبی بھارت کی اس ریاست میں اپنے پیر جمانے کے لیے ایک عرصے سے کوشاں ہے، تاہم اسے اب تک کامیابی نہیں مل سکی ہے۔

کیا بھارت کا کثیر جہتی اور رنگارنگ سیکولر کردار بحال ہو سکتا ہے؟

آئیڈوا کی کانفرنس میں پاکستان کی سابق وزیر اعظم بینظیر بھٹو کی تصاویر لگانے پر بی جے پی نے ہنگامہ کھڑا کر دیا ہے۔

بی جے پی کے ریاستی صدر کے سریندرن نے ٹوئیٹ کیا، ''سادہ سی منطق۔ بھارت کی پیٹھ میں چھرا گھونپنا اور دہشت گردوں سے ووٹ حاصل کرنا۔‘‘

بی جے پی کے ریاستی ترجمان سندیپ واچسپتی نے پاکستان کی سابق وزیراعظم کی تصاویر آویزاں کیے جانے کو ملک دشمن اقدام قرار دیا۔

'ملک میں نفرت سے بھری تباہی کا مشاہدہ کر رہے ہیں'، بھارتی دانشور

واچسپتی نے سن 2021ء کے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کے امیدوار کے طور پر مقابلہ کیا تھا لیکن وہ ہار گئے تھے۔ انہوں نے ایک ٹوئیٹ میں لکھا، ''بھٹو کی تصاویر ریاستی دارالحکومت کے قلب میں نمایاں مقامات پر آویزاں کیی گئی ہیں۔ میں ان سے یہ نہیں پوچھ رہا ہوں کہ بھٹو ان کے لیے کون ہیں؟ وہ ایسی حرکتیں ایک عرصے سے کررہے ہیں۔ انہوں نے ہمیشہ ایسے شخص کی تعریف و توصیف کی ہے جو ہمارے ملک کو تباہ کرنے کی کوشش کرتا رہا ہے۔اور ایسے افراد ہمارے ملک کے دشمن ہیں اور ہمیں اس کا ادراک ہونا چاہیے۔‘‘

بی جے پی رہنما نے مزید لکھا، ''یہ پاکستان یا چین نہیں جو ہمارے دشمن ہیں بلکہ ہمارے 'کامریڈ‘ ہی ہمارے دشمن ہیں۔ اور ہمیں ان سے ہمیشہ چوکنا رہنے کی ضرورت ہے۔‘‘

بی جے پی کے اس رہنما نے کہا کہ اس کانفرنس کا نعرہ ''مساوات کے لیے اتحاد کی جدوجہد‘‘ ہے لیکن بائیں بازو کی تنظیم نے اس کے لیے بینظیر بھٹو کی تصویر استعمال کی ہے جنہوں نے پاکستان کے لاڑکانہ میں اپنی تقریر میں ''بھارت کے ساتھ 1000 برس تک جنگ لڑنے‘‘ کے  سابق وزیر اعظم اور اپنے والد ذوالفقار علی بھٹو کے عزم کا اعادہ کیا تھا۔

آل انڈیا ڈیموکریٹک ویمنز ایسوسی ایشن کے پروگرام کے مطابق اس چار روزہ کانفرنس میں کیرالہ کے وزیر اعلیٰ پنارائی وجیئن بھی شرکت کریں گے۔