1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارتی خارجہ سیکرٹری امریکا جائیں گے

26 فروری 2017

بھارتی وزارت خارجہ کے سیکرٹری ایس جے شنکر آئندہ ہفتے امریکا کا دورہ کریں گے۔ نئی دہلی کو توقع ہے کہ سابق امریکی انتظامیہ کے برعکس موجودہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ پاکستان کے بارے میں زیادہ سخت مؤقف اختیار کرے گی۔

https://p.dw.com/p/2YGrD
Subrahmanyam Jaishankar
تصویر: AFP/Getty Images/S. Loeb

امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس نے چھبیس فروری بروز اتوار کے دن بھارتی وزارت خارجہ کے حوالے سے بتایا ہے کہ امریکا میں حکومت کی تبدیلی کے بعد سیکرٹری خارجہ امور سبرامنیم جے شنکر اپنے پہلے سرکاری دورہٴ امریکا کے دوران ٹرمپ انتظامیہ کے ساتھ باہمی دلچپسی کے متعدد امور کے علاوہ علاقائی مسائل پر بھی توجہ مرکوز رکھیں گے۔

’غیر ملکیوں سے نفرت‘ کی بناء پر امریکا میں بھارتی شہری قتل

مودی اور ٹرمپ کے مابین ’گرم جوشی‘ سے ٹیلی فون پر گفتگو

’ڈونلڈ ٹرمپ اور نریندر مودی ’بیسٹ فرینڈ‘ ہوں گے‘

جے شنکر منگل کے دن امریکا پہنچیں گے اور وہ اپنے اس چار روزہ دورے کے دوران نگران نائب امریکی وزیر خارجہ ٹام شانن سے مذاکرات کریں گے۔ مقامی میڈیا رپورٹوں کے مطابق ان مذاکرات میں وہ امریکی پالیسی بھی زیر بحث آئے گی، جس کے تحت امریکی کمپنیوں میں بھارت یا دیگر ممالک کے باشندوں کو ملازمت دیے جانے کو مشکل بنانے کی تجویز کیا گیا ہے۔

امریکی حکومت نے اس حوالے سے ایک مجوزہ قانونی مسودہ تیار کر لیا ہے۔ تاہم اس منصوبے پر کئی ممالک کی طرح بھارت نے بھی اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اس پیشرفت کے باعث رواں ماہ کے دوران بمبئے اسٹاک ایکسچینج میں ٹاپ کی بھارتی آئی ٹی کمپنیوں کے شیئرز میں دو تا چار فیصد کی گراوٹ بھی نوٹ کی جا چکی ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ امریکا میں بھارتی باشندے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے میدان میں نہ صرف انتہائی فعال ہیں بلکہ وہ بڑی بڑی کمپنیوں میں اعلیٰ عہدوں پر بھی فائز ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سیکرٹری خارجہ اپنے اس امریکی دورے کے دوران نئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے ساتھ اپنے مذاکرات میں امریکی ریاست کینساس کے ایک بار میں بھارتی شہریوں پر حملے کے تناظر میں بھی گفتگو کریں گے۔

Bild-Kombi Modi Trump
رواں برس کے اواخر میں بھارتی وزیر اعظم مودی امریکا کا دورہ کریں گے

بتایا گیا ہے کہ جے شنکر زور دیں گے کہ واشنگٹن حکومت امریکا میں مقیم غیر ملکیوں اور خاص طور پر بھارتی باشندوں کو زیادہ تحفظ فراہم کرے۔ یاد رہے کہ کینساس میں مبینہ طور پر ’غیر ملکیوں سے نفرت‘ کی بناء پر فائرنگ کر کے ایک بھارتی شہری کو قتل اور دوسرے کو زخمی کرنے والے ایک مقامی باشندے کو گرفتار کر کے اس پر باقاعدہ فرد جرم عائد کی جا چکی ہے۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو امریکا کا دورہ کرنے کی دعوت دے رکھی ہے اور متوقع طور پر مودی اس سال کے اواخر میں امریکا جائیں گے۔ سابق امریکی صدر باراک اوباما کے دور میں واشنگٹن اور نئی دہلی کے باہمی تعلقات میں ایک سرد مہری دیکھی گئی تھی تاہم ناقدین کے خیال میں ٹرمپ کی کوشش ہو گی کہ وہ تیزی سے ترقی کرتے ہوئے اس جنوب ایشیائی ملک کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو زیادہ بہتر بنائیں۔

نئی دہلی حکومت کو توقع ہے کہ صدر ٹرمپ کے دور میں واشنگٹن حکومت پاکستان کے بارے میں بھی سخت مؤقف اختیار کر سکتی ہے۔ سابق امریکی صدر کی حکومت میں پاکستان امریکی امداد وصول کرنے والا ایک اہم ملک رہا۔ واشنگٹن حکومت دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں پاکستان کو اپنا اتحادی قرار دیتا ہے۔