1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارتی ایئر لائن 205 بوئنگ ہوائی جہاز خریدے گی

عابد حسین
13 جنوری 2017

بھارت کی ایک ہوائی کمپنی نے دو سو پانچ بوئنگ طیارے خریدنے کا اعلان کیا ہے۔ بھارت کی شہری ہوا بازی کی تاریخ میں اس معاہدے کو ایک انتہائی بڑی تجارتی سرگرمی قرار دیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/2Vkca
Großbritannien Boeing 737 MAX in Farnborough
تصویر: picture alliance/ZUMA Press/L. Faerberg

بھارت کی پرائیویٹ ایئر لائن اسپائس جیٹ کی بوئنگ طیارے خریدنے کی ڈیل بائیس ارب امریکی ڈالر کے برابر ہے۔ اس فضائی کمپنی کے چیئرمین اجے سنگھ کے بقول اسپائس جیٹ نے اِس انتہائی اہم اور بڑی ڈیل کو حتمی شکل دے دی ہے۔ انہوں نے اسے بھارتی شہری ہوابازی کی تاریخ کا بھی ایک اہم ترین اور بڑا کاروباری سودا قرار دیا ہے۔ اجے سنگھ کے مطابق بھارت اور بوئنگ کمپنی کے درمیان بھی یہ اب تک کا سب سے بڑا معاہدہ ہے۔

 اسپائس جیٹ کے چیئرمین نے بتایا کہ اب اُن کی کمپنی بھارت کے اندر اور بیرون ملک اپنے آپریشن اور پروازوں کے سلسلے کو وسعت دینے کی پوزیشن میں آ گئی ہے۔ بھارتی فضائی کاروبار کے مجموعی حجم میں اسپائس جیٹ کا حصہ تیرہ فیصد ہے۔

بھارتی مالی منڈی پر نگاہ رکھنے والے تجزیہ کار کپل کول کا کہنا ہے کہ اسپائس جیٹ کے لیے یہ ڈیل انتہائی اہمیت کی حامل ہے کیونکہ ایک وقت تھا کہ جب یہ ایئر لائن  دیوالیہ ہونے کے قریب تھی اور پھر  اِسے خسارے سے نکال کر اور منافع بخش بنا کر 205 بوئنگ مسافر بردار ہوائی جہاز خریدنے کا فیصلہ کیا گیا۔ کول کے مطابق ایئر لائن کی نتظامیہ اس کامیاب سودے پر مبارک باد کی مستحق ہے۔

Indien New Delhi - Air India Flugzeug im Landeanflug Indira Gandhi International Airport
 بھارت میں اسپائس جیٹ کا مارکیٹ میں مقام انڈیگو، جیٹ ایئر ویز اور ایئر انڈیا کے بعد آتا ہےتصویر: picture-alliance/AP Photo

ایسے اندازے بھی لگائے گئے ہیں کہ اسپائس جیٹ نے مستقبل کی طویل المدتی منصوبہ بندی کے تحت بوئنگ طیاروں کا سودا کیا ہے اور یہ کمپنی یقینی طور پر خلیج میں بھی اپنا جال بچھانے کی کوشش کرے گی۔ اگر وہ اپنی پلاننگ میں کامیاب ہو گئی تو اتنے بڑے فلیٹ کے ساتھ وہ بھارتی ایئر ٹریفک پر غلبہ خاصل کرنے کی پوزیشن میں آ سکتی ہے۔

 بھارت میں اسپائس جیٹ کا مارکیٹ میں مقام انڈیگو، جیٹ ایئر ویز اور ایئر انڈیا کے بعد آتا ہے۔ یہ بھی اہم ہے کہ سستی پروازیں پیش کرنے والی ہوائی کمپنیوں میں اسپائس جیٹ وہ واحد کمپنی ہے، جس کے فلیٹ میں بوئنگ طیارے شامل ہونے جا رہے ہیں۔ بھارتی معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ  عالمی منڈیوں میں تیل کی کم قیمتوں نے بھارت کے اندر سستے کرایوں والی ہوائی کمپنیوں کے کاروبار کو فروغ دیا ہے۔ گزشتہ برس بھارت میں ہوائی کمپنیوں کے مسافروں کی تعداد میں اکیس فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے۔