1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارتی اداکار سلمان خان کی سزائے قید معطل

امتیاز احمد8 مئی 2015

ایک بھارتی عدالت نے اداکار سلمان خان کی سزا منسوخ کرنے کا حکم دیا ہے۔ ممبئی ہائی کورٹ کے مطابق جولائی میں اِس مقدمے کی از سر نو سماعت کی جائے گی اور تب تک یہ سزا معطل رہے گی۔

https://p.dw.com/p/1FMnD
Indien Film Bollywood Schauspieler Salman Khan
تصویر: Getty Images/AFP/P. Paranjpe

بھارتی فلم انڈسٹری کے مشہور ستارے سلمان خان کے وکلاء نے اپنی اپیل میں عدالت سے سزا کو منسوخ کرنے کی درخواست کی تھی۔ ابھی دو روز قبل ہی سلمان خان کو ایک شخص کے غیر ارادی قتل کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے پانچ سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ اُن پر الزام تھا کہ 2002ء میں اُنہوں نے شراب کے نشے میں اپنی گاڑی سڑک پر سوئے ہوئے پانچ افراد پر چڑھا دی تھی، جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک ہو گیا تھا۔ سلمان خان کا شمار بالی وُڈ کے معروف ترین اداکاروں میں ہوتا ہے۔

پراسیکیوٹر ابھا سنگھ کا صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا، ’’ ممبئی ہائی کورٹ کے جسٹس ابھائے تِھپسے نے کہا ہے کہ سلمان خان کی اپیل کی سماعت جولائی میں کی جائے گی۔ سلمان خان کو تیس ہزار بھارتی روپے ( تقریباﹰ انچاس ہزار پاکستانی روپے) کے ضمانتی مچلکے جمع کروانے کا بھی کہا گیا۔ انچاس سالہ سلمان خان اپنے ستائیس سالہ کیریئر میں نوّے ہندی فلموں میں کام کر چکے ہیں۔

سلمان خان کا گھر بھارت کے اقتصادی اورثقافتی دارالحکومت ممبئی میں واقع ہے اور اس فیصلے کے فوراﹰ بعد ان کے مداحوں کی ایک بڑی تعداد ان کے گھر کے سامنے پہنچ گئی اور خوشی سے رخص کرتی دکھائی دے رہی تھی۔

سلمان خان کے مداح اس قدر جذباتی ہیں کہ آج عدالتی کارروائی کے آغاز سے پہلے ان کے ایک مداح نے زہر کا استعمال کرتے ہوئے خودکشی کرنے کی کوشش کی۔ بھارتی نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق اس خودکشی کی کوشش کرنے والے مداح کو پولیس نے مدہوشی کی حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔

دوسری جانب بالی وڈ کے فلم ساز بھی اس کیس کی وجہ سے پریشان تھے کیونکہ ان کی متعدد فلمیں اس وقت پائپ لائن میں ہیں۔ فلم انڈسٹری کے مبصرین کے مطابق خان اس وقت 2.5 ارب روپے کے منصوبے جاری رکھے ہوئے ہے اور ان کی تکمیل کا انحصار اسی پر ہے۔ تجزیہ کاروں کی مطابق بھارتی عدالتی نظام کی سستی کی وجہ سے اب بھی یہ کیس مزید کئی برسوں تک چل سکتا ہے جبکہ اس مقدمے کو شروع ہوئے پہلے ہی بارہ برس گزر چکے ہیں۔

سن انیس سو اٹھاسی میں فلمی دنیا میں قدم رکھنے والے سلمان خان نے گزشتہ چند سالوں میں خود کو انسانی خدمت پر مامور کرنے کا فیصلہ کیا اور اس سلسلے میں انہوں نے ’ Being Human ’ نامی ایک خیراتی ٹرسٹ بھی قائم کیا۔ جس کا مقصد غریبوں کجو تعلیم اور صحت کی سہولیات فراہم کرنا ہے۔