1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت: چودہ سو کروڑ روپے کا مالک لیکن امیر نہ ہونے کا شکوہ

جاوید اختر، نئی دہلی
21 جولائی 2023

بھارت کی ریاستی اسمبلیوں کے ہر رکن کے پاس اوسطاً 13.63 کروڑ روپے کی دولت ہے اور کرناٹک کے نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوا کمار 1413 کروڑ روپے کے ساتھ سر فہرست ہیں۔ لیکن وہ خود کو سب سے امیر نہیں مانتے۔

https://p.dw.com/p/4UDQ7
Indien Neu Delhi Parlament
تصویر: Hindustan Times/imago images

بھارت میں جمہوری اصلاحات کے لیے سرگرم تنظیم ایسوسی ایشن فار ڈیموکریٹک ریفارمز (اے ڈی آر) نے نیشنل الیکشن واچ نامی ایک تنظیم کے ساتھ مل کر ملک بھر کی ریاستی اسمبلیوں کے اراکین کی جائیدادوں اور دیگر اثاثوں نیز ان پر بقایہ جات رقومات کے حوالے سے ایک تفصیلی رپورٹ شائع کی ہے۔

اس رپورٹ میں 28 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام دو علاقوں کی اسمبلیوں کے موجودہ 4001 اراکین کے اثاثوں کا تجزیہ کیا گیا ہے۔ یہ تجزیہ ان اراکین اسمبلی کی جانب سے گزشتہ انتخابات میں اپنی کاغذات نامزدگی کے ساتھ داخل کیے گئے حلف ناموں کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔

سن 2013 میں بھارتی الیکشن کمیشن نے ایک حکم کے ذریعہ الیکشن میں حصہ لینے والے تمام امیدواروں کے لیے کاغذات نامزدگی داخل کرتے وقت متعدد سوالوں کے جوابات پر مبنی حلف نامے داخل کرنا لازمی قرار دیا تھا۔ الیکشن کمیشن کے ضابطوں کے مطابق اگر کوئی امیدوار غلط بیانی سے کام لیتا ہوا پکڑا جاتا ہے تو اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جاسکتی ہے۔

بھارت: سیاست کو جرائم سے پاک کرنے کی سمت ایک اہم قدم

 سن 2014 کے عام انتخابات میں اسی وجہ سے موجودہ وزیر اعظم نریندر مودی کے حلف نامے سے پہلی مرتبہ عام لوگوں کو پتہ چلا کہ وہ شادی شدہ ہیں اور ان کی اہلیہ کا نام جسودا بین ہیں، جو باحیات ہیں۔

بھارت میں سیاست کو جرائم اور بدعنوانی سے پاک کرنے کی باتیں تو خوب ہوتی رہتی ہیں تاہم آزادی کے 75برس بعد بھی یہ لعنت کم ہونے کے بجائے بڑھتی ہی جارہی ہے
بھارت میں سیاست کو جرائم اور بدعنوانی سے پاک کرنے کی باتیں تو خوب ہوتی رہتی ہیں تاہم آزادی کے 75برس بعد بھی یہ لعنت کم ہونے کے بجائے بڑھتی ہی جارہی ہےتصویر: Payel Samanta/DW

 سب سے امیر رکن اسمبلی کون ہے؟

اے ڈی آر نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ کرناٹک کے نائب وزیر اعلیٰ اور ریاستی کانگریس کے صدرڈی کے شیوا کمار بھارت کے تمام اراکین اسمبلی میں امیرترین شخص ہیں۔

وہ مجموعی طورپر 1413کروڑ روپے کے مالک ہیں جس میں 1140 کروڑرپے کے غیر منقولہ اور 273 کروڑ روپے کے منقولہ اثاثے شامل ہیں۔ رواں برس اسمبلی انتخابات کے دوران داخل کیے اپنے حلف نامے میں انہوں نے خود کو 265 کروڑ روپے کا مقروض بھی بتایا ہے۔

ایک تہائی بھارتی کابینہ ملزمان پر مشتمل

شیوا کمار نے اس حوالے سے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی دولت جمع کرنے میں بہت وقت لگایا ہے۔ وہ خود کو امیرترین رکن اسمبلی ماننے سے بھی انکار کرتے ہیں۔ وہ کہتے ہیں،"میں امیر نہیں ہوں لیکن غریب بھی نہیں ہوں۔"

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کرناٹک کے 14فیصد اراکین اسمبلی ارب پتی ہیں ان میں سے ہر ایک کے پاس 100 کروڑ روپے یا اس سے زائد کی دولت ہے
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کرناٹک کے 14فیصد اراکین اسمبلی ارب پتی ہیں ان میں سے ہر ایک کے پاس 100 کروڑ روپے یا اس سے زائد کی دولت ہےتصویر: picture-alliance/robertharding/S. Forster

سب سے غریب رکن اسمبلی کون؟

اے ڈی آر کی رپورٹ کے مطابق مغربی بنگال سے تعلق رکھنے والے بھارتیہ جنتا پارٹی کے رکن اسمبلی نرمل کمار دھارا بھارت کے غریب ترین ریاستی قانون ساز ہیں۔ ان کے پا س صرف 1700 روپے ہیں لیکن ان کے اوپر کسی طرح کا کوئی بقایہ بھی نہیں ہے۔

بھارتی سیاست میں جرائم کا بڑھتا اثر

رپورٹ کے مطابق دس امیر ترین اراکین اسمبلی میں سے چار کا تعلق کانگریس سے اور تین کا بھارتیہ جنتا پارٹی سے ہے۔ تاہم دلچسپ بات یہ بھی ہے کہ بھارت میں 20 امیرترین اراکین اسمبلیوں میں سے 12 کا تعلق کرناٹک سے ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کرناٹک کے 14فیصد اراکین اسمبلی ارب پتی ہیں ان میں سے ہر ایک کے پاس 100 کروڑ روپے یا اس سے زائد کی دولت ہے۔ کرناٹک میں اراکین اسمبلی کے اثاثوں کی اوسط مالیت  64.3 کروڑ روپے ہے۔

جائزے میں ایک دلچسپ با ت یہ بھی سامنے آئی کہ مجرمانہ ریکارڈ رکھنے والے اراکین اسمبلی کے پاس اوسطاً16.36 کروڑ روپے کے اثاثے ہیں جب کہ ان کے مقابلے میں جن کے خلاف کوئی کیس نہیں ہیں ایسے اراکین اسمبلی اوسطاً 11.45 کروڑ روپے کے مالک ہیں۔

بھارتی پارلیمان میں مجرمانہ ریکارڈ والوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بھارت میں سیاست کو جرائم اور بدعنوانی سے پاک کرنے کی باتیں تو خوب ہوتی رہتی ہیں تاہم آزادی کے 75برس بعد بھی یہ لعنت کم ہونے کے بجائے بڑھتی ہی جارہی ہے۔