1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت ٹیسٹ کرکٹ میں پہلی بار پہلے نمبر پر

6 دسمبر 2009

بھارت سری لنکا کو مسلسل دوسرے میچ میں ایک اننگز سے شکست دینے اور تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز دو صفر سے جیتنے کے بعد پہلی مرتبہ ٹیسٹ کرکٹ کی عالمی درجہ بندی میں پہلے نمبر آ گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/KrFF
فائل فوٹوتصویر: AP

اتوار کو ممبئی میں کھیلے جانے والے تیسرے ٹیسٹ میچ کے پانچویں اور آخری روز بھارت نے سری لنکا کو ایک اننگز اور چوبیس رنز سے شکست دے دی۔ بھارت کے بہترین بالر ظہیر خان رہے، جنہوں نے اتوار کو مزید تین وکٹیں حاصل کیں اور اپنے کیریئر میں آٹھویں مرتبہ کسی ایک اننگز میں پانچ وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔

سری لنکن کپتان سنگاکارا اپنے کل کے اسکور میں محض چار رنز کا اصافہ کرنے کے بعد ایک سو سینتیس کے اسکور پر آج پہلے ہی اوور میں ظہیر خان کی نپی تُلی بالنگ کا شکار ہو گئے، جس کے بعد سری لنکا کی رہی سہی اُمیدیں بھی ٹوٹ گئیں اور پوری ٹیم تین سو نو رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ پہلی اننگز میں سری لنکا کی ٹیم نے تین سو تریانوے رنز بنائے تھے۔

Virender Sehwag
میں آف دی میچ وریندر سہواگتصویر: AP

اِس سے پہلے بھارت نے اپنی واحد اننگز نو وکٹوں کے نقصان پر سات سو چھیانوے رنز بنا کر ڈیکلیئر کر دی تھی۔ اِن میں کپتان مہیندر دھونی کے ناٹ آؤٹ ایک سو رنز بھی شامل تھے۔ تاہم ممبئی کے اِس ٹیسٹ میچ میں مَین آف دا میچ اور مَیں آف دا سیریز دو سو تریانوے رنز بنانے والے اوپنر ویریندر سہواگ قرار پائے، جو محض سات رنز کی کمی سے اپنے کیریئر کی تیسری ٹرپل سنچری بنانے اور یوں ایک نیا ریکارڈ بنانے سے رہ گئے۔

بھارتی کپتان دھونی نے کہا کہ اصل مشکل کام اب شروع ہو رہا ہے اور وہ ہے، اِس کارکردگی کو برقرار رکھنا۔ سری لنکا کے کپتان سنگاکارا نے اعتراف کیا کہ آخری دونوں ٹیسٹ میچوں میں بھارتی ٹیم نے ہر شعبے میں بہتر کھیل پیش کیا۔

سری لنکا کے خلاف یہ سیریز دو صفر سے جیتنے کے بعد بھارت ٹیسٹ کرکٹ کی عالمی درجہ بندی میں جنوبی افریقہ کو ہٹا کر پہلے نمبر آ گیا ہے۔ ممتاز بیٹسمین سچن تندولکر نے کہا کہ وہ بہت خوش ہیں، پہلی پوزیشن پر آنا زبردست بات ہے اور وہ اکیلے ہی نہیں بلکہ پورا بھارت اِس اعزاز کا کئی برسوں سے منتظر تھا۔ آئی سی سی کی اِس عالمی رینکنگ میں سری لنکا، جس کا بھارتی سرزمین پر کوئی ٹیسٹ سیریز جیتنے کا خواب اِس بار بھی شرمندہء تعبیر نہ ہو سکا، اب دوسری سے چوتھی پوزیشن پر چلا گیا ہے۔ تیسری پوزیشن پر آسٹریلیا ہے۔

Sri Lanka Sport Cricket Cricketspieler Muttiah Muralitharan
سیریز میں مرلی کا جادو بھی نہ چل سکاتصویر: AP

بھارت اور سری لنکا کی ٹیموں کے مابین پہلا ٹیسٹ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ہی ختم ہو گیا تھا جبکہ دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھارت نے ایک اننگز اور ایک سو چوالیس رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔ سری لنکا کی ٹیم ابھی بھارت ہی میں ہے، جہاں وہ دو ٹونٹی ٹونٹی میچوں کے علاوہ پانچ وَن ڈے میچ بھی کھیلے گی، جو آئندہ بدھ سے شروع ہو رہے ہیں۔

رپورٹ : امجد علی

ادارت : شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید