1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت میں گلوبل انٹرپرینیورشپ اجلاس شروع

جاوید اختر، نئی دہلی
28 نومبر 2017

جنوبی بھارت کے شہر حیدر آباد میں آٹھویں گلوبل انٹرپرینیورشپ سمٹ شروع ہوگئی ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بیٹی یوانکا ٹرمپ اور وزیر اعظم نریندر مود ی نے اس کا افتتاح کیا۔

https://p.dw.com/p/2oOf3
Indien Premierminister Narendra Modi & Ivanka Trump
تصویر: PIB, Govt of India

کانفرنس کا آغاز رقص و موسیقی کے رنگا رنگ پروگرام کے ساتھ ہوا۔ یہ پہلا موقع ہے کہ یہ تین روزہ سربراہی کانفرنس کسی اسلامی ملک یا امریکا کے باہر اور جنوبی ایشیا میں منعقد ہو رہی ہے۔ اس میں دنیا بھر کے 159ملکوں کے تقریباً پندرہ سو انٹرپرینیور اور سرمایہ کار شرکت کررہے ہیں، جن میں اکثریت خواتین کی ہے۔ سعودی عرب، افغانستان اور اسرائیل سمیت دس ملکوں کے وفود صرف خواتین پر مشتمل ہیں۔
ایوانکا نے اپنی افتتاحی تقریر میں کہا، ’’جب خواتین کو بااختیار بنایا جائے گا تب ہی ہمارے خاندانوں، ہماری معیشت اور ہمارے سماج اپنے تمام مواقع اور وسائل سے پوری طرح استفادہ کرسکیں گے۔‘‘ ان کا کہنا تھا کہ وہ ایک ساتھ اتنی بڑی تعداد میں خواتین انٹرپرینیورز کو پہلی مرتبہ دیکھ رہی ہیں اور یہ ان کے لیے فخر کی بات ہے۔

Indien Premierminister Narendra Modi & Ivanka Trump
تصویر: PIB, Govt of India

ایوانکا ٹرمپ کی آمد پر بھارتی حیدرآباد سے فقیروں کا صفایا

وزیر اعظم مودی نے اپنی تقریر میں بھارتی اساطیر کے حوالے سے کہا کہ ان کے ملک میں عورت کو شکتی یعنی طاقت کا روپ سمجھا جاتا ہے اور ان کا یقین ہے کہ خواتین کو بااختیار بنانا ترقی کے لیے انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے بھارت میں اتنی اہم کانفرنس کے انعقاد پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے اہم سرمایہ کاروں، انٹرپرینیورز ، دانشوروں  اور دیگر فریقین کو گلوبل انٹرپرینیورشپ کو آگے لے جانے میں مدد ملے گی۔
کانفرنس کے لیے ’موتیوں کے شہر‘ حیدرآباد کو دلہن کی طرح سجایا گیا ہے۔ شہر کی تمام اہم شاہراہوں پر ایوانکا کے بڑے بڑے اشتہارات لگائے گئے ہیں۔ صفائی کا خصوصی انتظام کیا گیا ہے اور شہر بھر سے بھکاریوں کو پکڑ کر حکومتی کیمپوں میں پہنچا دیا گیا ہے۔ سیکورٹی کے زبردست انتظامات کرتے ہوئے دس ہزار سکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔

Indien Premierminister Narendra Modi & Ivanka Trump
تصویر: PIB, Govt of India

جی ٹوئنٹی ممالک کی بااثر ترین خواتین کا اجلاس
تین دن تک چلنے والی اس کانفرنس میں’خواتین پہلے، سب کے لیے خوشحالی‘ کے موضوع پر منعقد اس کانفرنس میں خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے ساز گار ماحول تیار کرنے پر زور دیا جائے گا۔ ہیلتھ کیئر، لائف سائنس، ڈیجیٹل معیشت، مالیاتی تکنیک، توانائی، انفراسٹرکچر اور میڈیا و تفریح کے موضوعات پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے گی۔کانفرنس میں متعدد اہم عالمی شخصیات اور بھارت کی اہم کاروباری شخصیات کے علاوہ بالی وڈ کے کئی اداکار اور اسپورٹس سے وابستہ خواتین بھی اظہار خیال کریں گی۔ ان میں نئی مس ورلڈ مانوشی چھلر، سونم کپور اور ثانیہ مرزا بھی شامل ہیں۔
ایوانکا کل بدھ کو فنی تعلیم وتربیت اور سرپرستی کے ذریعے خواتین افرادی قوت کو بااختیار بنانے کے موضوع پر اپنے خیالات کا اظہار کریں گی۔ قبل ازیں حیدرآباد پہنچنے پر ایوانکا نے اپنے ٹوئیٹر پیغام میں شاندار استقبال پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ حیدرآباد میں اس سمٹ کے لئے کافی پرجوش ہیں۔ ایوانکا نے وزیرخارجہ سشما سوراج سے بھی ملاقات کی۔
خیال رہے کہ امریکا کے سابق صدر براک اوباما نے 2010 میں واشنگٹن میں پہلی مرتبہ اس سمٹ کا اہتمام کیا تھا۔ یہ سمٹ ترکی، متحدہ عرب امارات،ملائشیا، مراکش اور کینیا میں بھی منعقد ہو چکی ہے۔ اس کا مقصد زندگی کے مختلف شعبوں میں نئے افکار کو اجاگرکرنا ہے۔ اس سمٹ کا ایک اور مقصد مختلف ممالک اور امریکا کے درمیان صنعتی، اختراعی وتجارتی تعلقات کو فروغ دینا بھی ہے۔ کانفرنس کے افتتا ح سے قبل بھارت میں سب سے بڑے سرکاری پالیسی ساز ادارے نیتی آیوگ کے سی ای او امیتابھ کانت نے کہا کہ گلوبل انٹرپرینیویر سمٹ کا مقصد خواتین کو بااختیاربنانا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین سرمایہ کاروں کو بھی اس کانفرنس سے فائدہ ہوگا۔