1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت ميں مالی دھاندلی پر طاقتور سياستدان کو سزا

24 مارچ 2018

بھارت ميں ايک طاقت ور سياستدان کو سينتيس ملين روپے کی دھاندلی ثابت ہونے پر چودہ برس قيد کی سزا سنا دی گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/2uuJB
Indien Lalu Prasad Yadav
تصویر: imago/Hindustan Times

طاقت ور اور با اثر تصور کيے جانے والے بھارتی سياستدان لالو پرساد يادو کو چودہ برس قيد کی سزا ہفتہ چوبيس مارچ کو پٹنا کی ايک عدالت نے سنائی۔ ان پر سينتيس ملين روپے کی دھاندلی کا الزام ہے۔ عدالت کی کارروائی ميں يہ ثابت ہوا کہ يادو نے رياستی خزانے کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے ادويات اور گائيں، بھينسوں کے چارے کے ليے جو اخراجات دکھائے، وہ حقيقی نہ تھے۔ يادو سن 1990 سے سن 1997 تک رياست بہار کے وزير اعلیٰ  رہ چکے ہیں۔ دھاندلی کے مرتکب وہ اِسی دوران ہوئے۔

بھارتی سياست ميں بد عنوانی عام سی بات ہے۔ عدالتیں قتل سميت ديگر سنگين جرائم کے الزامات کا سامنا کرنے والے قانون سازوں کے خلاف جاری مقدمات آج کل تيزی سے نمٹانے کی کوششوں ميں ہيں۔ اس کی وجہ عدالت عظمٰی کا ايک حاليہ فيصلہ ہے جس کے تحت ذيلی عدالتوں کو يہ احکامات ديے گئے ہيں کہ قانون سازوں کے خلاف دھوکہ دہی، بھتہ خوری اور ديگر جرائم کے مقدمات کے فيصلے ايک سال کے اندر اندر ہو جانے چاہييں۔ يہ امر اہم ہے کہ مجرم ثابت ہونے اور دو سال تک کی مدت کے ليے سزائے قيد کے حقدار قرار ديے جانے والے قانون سازوں کو اليکشن ميں حصہ لينے کی اجازت نہيں۔ ايسوسی ايشن فار ڈيموکريٹک ريفارمز نامی ايک گروپ کے مطابق بھارت ميں اس وقت پندرہ فيصد ملکی قانون سازوں کو دنگا فساد کرانے، قتل اور بھتہ خوری جيسے الزامات کا سامنا ہے اور ان کے خلاف عدالتی کارروائی جاری ہے۔

پٹنا کی عدالت ميں آج سامنے آنے والے فيصلے ميں کل اٹھارہ رياستی اہلکاروں، کانٹريکٹرز اور سپلائرز کو بھی سزائيں سنائی گئيں۔ ان سزاؤں کی مدت ساڑھے تين سال سے پانچ سال تک قيد ہے۔ 

لالو پرساد يادو پر اس سے پہلے بھی اسی نوعيت کے جرائم ثابت ہو چکے ہيں۔ تازہ فيصلے ميں ان پر چھ ملين روپے جرمانہ بھی عائد کيا گيا۔ انہتر سالہ يادو سن 2004 سے سن 2009 تک ملکی وزير برائے ريلوے بھی رہ چکے ہيں۔ اسی ماہ انہيں سينے ميں تکليف کے سبب قيد خانے سے ہسپتال بھی منقتل کيا جا چکا ہے۔ واضح رہے کہ يادو نے اپنی سياسی جماعت راشتريا جنتا دل يعنی نيشنل پيپلز پارٹی کو ايک خاندانی پارٹی ميں تبديل کر ديا ہے۔ اس وقت ان کی اہليہ، دو بيٹے اور ايک بيٹی پارٹی کی باگ ڈور سنبھالے ہوئے ہيں۔

ع س / ع ا، نيوز ايجنسياں