1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت ميں آوارہ ہاتھی نے چار افراد کو کچل کر ہلاک کر ديا

2 جون 2017

جنوبی بھارت میں پولیس کے مطابق ایک ہاتھی نے ایک گاؤں سے گزرتے ہوئے بارہ سالہ لڑکی سمیت چار افراد کو پیروں تلے روند ڈالا۔ ہاتھی کے کچلنے سے لڑکی کے والدین بھی زخمی ہوئے۔

https://p.dw.com/p/2e3NX
Elefanten schaffen neue Lebensräume Elefant aus Afrika
تصویر: picture-alliance/Mary Evans Picture Library

بارہ سال کی ایک لڑکی اپنے گھر میں سو رہی تھی جب آج جمعے کے روز علی الصبح ایک آوارہ ہاتھی نے اُسے کچل کر مار ڈالا ۔ طیش میں آئے ہاتھی کے سُموں کی زد میں آ کر لڑکی کے والدین بھی زخمی ہوئے جن کا علاج جاری ہے۔ بھارتی ریاست تامل ناڈو کے ایک گاؤں میں ہوئے اس واقعے میں ہاتھی کے روندے جانے سے مزيد دو خواتین اور ایک معمر شخص بھی ہلاک ہو گئے۔

ايک مقامی سب انسپکٹر کے مطابق  یہی ہاتھی دو روز قبل بھی اس علاقے کی طرف نکل پڑا تھا اور اس نے ایک اور گاؤں کے ایک شخص کو ہلاک کر دیا تھا۔ سب انسپکٹر نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ آج صبح اسی ہاتھی نے گاؤں کے چار رہائشیوں کو ہلاک اور دیگر دو کو زخمی کر دیا۔

 جنگلی حیات کے ماہرین کا کہنا ہے کہ جانوروں اور انسانوں میں اس مڈبھیڑ کا سبب جنگلوں کی تباہی ہے۔

گزشتہ برس ہاتھیوں کا ایک غول بھٹک کر مغربی بنگال پہنچ گیا تھا جہاں انہوں نے پانچ افراد کو ہلاک کرنے کے علاوہ متعدد گاڑیوں اور گھروں کو بھی نقصان پہنچایا تھا۔

پولیس اور محکمہ جنگلات کے کارکنوں کا کہنا ہے کہ ہاتھی کو پکڑنے کے بعد بے ہوش کیا گیا ہے تاکہ اسے انسانی رہائشی علاقوں سے دور گہرے جنگل میں منتقل کیا جا سکے۔