1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت: مریض کے سر کے نیچے اُسی کی کٹی ٹانگ کا تکیہ

اے ایف پی
11 مارچ 2018

انڈیا میں ہسپتال کے ایک اہلکار کا کہنا ہے کہ بھارتی حکام نے دو ڈاکٹروں کو ایک مریض کے سر کے نیچے حادثے میں الگ ہوئی اُسی کی ٹانگ کو تکیے کے طور پر استعمال کرنے کی خبر پر معطل کر دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/2u7Zl
Indien Mumbai Alkoholvergiftung
تصویر: picture-alliance/dpa/D. Solanki

 بھارتی ریاست اتر پردیش کے ایک سرکاری ہسپتال میں حکام نے ایسی تصاویر منظر عام پر آنے کے بعد سخت کارروائی کا حکم دیا ہے جن میں اسٹریچر پر لیٹے ہوئے ایک مریض کے سر کے نیچے خود اُسی کی ٹانگ کو بطور تکیہ استعمال کیا جا رہا تھا۔ حکام کے مطابق اس واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

جھانسی میں مہارانی لکشمی بائی میڈیکل کالج اور ہسپتال کی پرنسپل سادھنا کاؤشک نے اے ایف پی کو بتایا،’’ اگر ہمارے ہسپتال کے عملے میں سے کوئی شخص اس حرکت میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔‘‘

سادھنا کاؤشک نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں تحقیقات مکمل ہونے تک دو ڈاکٹروں کی معطل کر دیا گیا ہے۔ جس اٹھائیس سالہ مریض کے سر کے نیچے تکیے کی جگہ اس کی ٹانگ رکھی گئی تھی، اس کا نام گھنشیام ہے اور وہ ایک بس ایکسیڈنٹ میں شدید زخمی ہو کر ہسپتال پہنچا تھا۔

گھنشیام کے رشتہ داروں نے بھارتی چینل این ڈی ٹی وی نیوز نیٹ ورک کو بتایا کہ انہوں نے کئی بار ہسپتال کے عملے سے گھنشیام کو تکیہ فراہم کرنے کی درخواست کی لیکن انہوں نے سنی ان سنی کر دی۔

گھنشیام کی رشتہ دار خاتون جانکی پرشاد نے این ڈی ٹی وی کو بتایا،’’ جب ہم ہسپتال پہنچھے تو دیکھا کہ اسکی ٹانگ کو تکیے کے طور پر استعمال کیا جا رہا تھا۔ آخر ہم قریب کی مارکیٹ سے تکیہ خرید کر لائے۔‘‘

دوسری جانب پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق سادھنا کاؤشک کا موقف ہے کہ گھنشیام کو فوری طبی امداد دی گئی تھی اور اُس کے رشتہ داروں میں سے کسی نے اُسکے سر کے نیچے ٹانگ رکھ دی تھی۔

دو سو ملین آبادی والی بھارتی ریاست اتر پردیش انڈیا کے اقتصادی لحاظ سے غریب ترین صوبوں میں سے ایک ہے اور یہاں معمولی علاج کے لیے بھی لوگوں کو طویل انتظار کرنا پڑتا ہے۔