1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن

8 اگست 2018

آئی ایم ایف کے مطابق رواں مالی سال کے دوران بھی بھارت نے دنیا کی تیز ترین ترقی کرتی ہوئی ایک معیشت کا اعزاز برقرار رکھا ہے۔ اس جائزے کو بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت کے لیے ایک خوش کن پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/32nhg
Bekleidungsfabrik in Indien
تصویر: AFP/Getty Images/M. Sharma

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے حوالے سے بتایا ہے کہ رواں مالی سال (دو ہزار اٹھارہ ۔ انیس) کے دوران بھارتی قومی مجموعی پیداوار میں ترقی کا اندازہ 7.3 فیصد لگایا گیا ہے جبکہ ایشیا کی اس تیسری بڑی معیشت کی گزشتہ سال اس ترقی کی شرح 7.5 فیصد رہی تھی۔ یوں یہ جنوبی ایشیائی ریاست اس سال بھی اقتصادی ترقی کی راہوں پر گامزن ہے۔

عالمی مالیاتی فنڈ کی اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی معیشت مجموعی طور پر مثبت اشارے دے رہی ہے، جس کی وجہ سرمایہ کاری میں استحکام اور پرائیویٹ سطح پر اخراجات میں مضبوطی دیکھی گئی ہے۔ بلوم برگ نیوز کے مطابق جنوری تا مارچ کی سہ ماہی میں بھارتی اقتصادی نمو کی شرح 7.7 فیصد ریکارڈ کی گئی، جو گزشتہ سات سہ ماہیوں میں ترقی کی بلند ترین شرح ہے۔

اقتصادی ماہرین کے مطابق بھارت میں اس اقتصادی ترقی میں مودی کی حکومت کی پالیسیاں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ نریندر مودی نے اقتدار میں آنے کے بعد عہد کیا تھا کہ وہ ملکی اقتصادی ترقی کو بہتر بنانے کے لیے زیادہ ٹھوس اقدامات کریں گے اور بھارت میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو زیادہ آسان بنائیں گے۔

آئی ایم ایف نے مودی کی حکومت کی طرف سے اشیا اور خدمات پر قومی سطح پر ٹیکس نافذ کرنے کے فیصلے کو بھی سراہا ہے، جس کا مقصد بھارت میں سنگل مارکیٹ کی تخلیق ہے۔ تاہم کئی مبصرین نے سن دو ہزار سات میں متعارف کرائی گئی اس حکومتی پالیسی کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔ ان کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے عام شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے۔

آئی ایم ایف نے اپنی رپورٹ میں بھارت میں بیرونی سرمایہ کاری کو آسان بنانے کی پالیسیوں کی ستائش بھی کی ہے تاہم زور دیا گیا ہے کہ ابھی نئی دہلی حکومت کو اس ضمن میں مزید اقدامات کرنا چاہییں۔ اس عالمی ادارے کے مطابق تجارت کو مزید لبرلائز کرنے اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے نتیجے میں بھارت میں نہ صرف اقتصادی ترقی کی رفتار زیادہ بہتر ہو گی بلکہ اس کا فائدہ عوام کو بھی ہو گا۔

اس جائزے کو بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت کے لیے ایک خوش کن پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ آئندہ برس اس ملک میں الیکشن منعقد ہونا ہیں۔

ع ب / ا ا / خبر رساں ادارے

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں