1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بون کانفرنس کا پاکستانی بائیکاٹ، کلنٹن کا اظہار افسوس

30 نومبر 2011

امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن نے آج بدھ کو اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ پاکستان نے جرمن شہر بون کے قریب ہونے والی افغانستان کانفرنس کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/13JNL
امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹنتصویر: DW/G. Faskhutdinov

جنوبی کوریا کے شہر بوسان میں ہلیری کلنٹن نے پاکستانی حکومت سے مخاطب ہوتے ہوئے مطالبہ کیا کہ پاکستان کو افغانستان سے متعلق بون کی بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت نہ کرنے کے اپنے فیصلے پر دوبارہ غور کرنا چاہیے۔

امریکی وزیر خارجہ جنوبی کوریا میں ایک امدادی کانفرنس سے خطاب کر رہی تھیں۔ انہوں نے اپنی تقریر میں امریکہ کے اس مؤقف کو دہرایا کہ پاکستان اور افغانستان کی درمیانی سرحد کے قریب پاکستانی فوجیوں کی ہلاکت ایک المناک واقعہ ہے۔ کلنٹن نے یہ وعدہ بھی کیا کہ اس حملے کے بارے میں تفصیلی چھان بین جتنی جلد ممکن ہوا، مکمل کر لی جائے گی۔

Pakistan USA Außenministerin Hillary Rodham Clinton bei Hina Rabbani Khar in Islamabad
پاکستانی وزیرخارجہ حنا ربانی کھر ہلیری کلنٹن کے ہمراہ، فائل فوٹوتصویر: dapd

بوسان سے خبر ایجنسی اے ایف پی نے اپنی رپورٹوں میں لکھا ہے کہ ہلیری کلنٹن نے بعد میں صحافیوں کو بتایا، ’’کھل کر بات کی جائے تو یہ امر قابل افسوس ہے کہ پاکستان نے بون کانفرنس میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس لیے کہ اس کانفرنس کی منصوبہ بندی بہت پہلے سے کی جا چکی تھی‘‘۔

امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکہ کی طرح پاکستان کا بھی بہت زیادہ مفاد اس بات میں ہے کہ افغانستان محفوظ، مستحکم اور زیادہ سے زیادہ جمہوری ہو۔ اس موقع پر ہلیری کلنٹن نے یہ امید بھی ظاہر کی کہ پاکستان افغانستان کے مستقبل سے متعلق مذاکرات میں شرکت کے لیے کوئی ’فالو اپ‘ راستہ تلاش کر لے گا۔

پچھلے اختتام ہفتہ پر افغان سرحد کے قریب پاکستانی دستوں کی پوسٹ پر نیٹو کے ایک فضائی حملے میں 24 پاکستانی فوجی ہلاک ہو گئے تھے۔ یہ بات ابھی تک متنازعہ ہے کہ نیٹو فورسز کی طرف سے یہ فضائی حملہ کن حالات میں کیا گیا۔ اس واقعے کے بعد سے پاکستان اور مغربی دنیا کے درمیان نئے سرے سے شدید کشیدگی پیدا ہو چکی ہے۔

رپورٹ: عصمت جبیں

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں