1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا کے چھٹے میچ ڈے کا آغاز

رپورٹ:عابد حسین، ادارت:ندیم گِل19 ستمبر 2009

جرمنی میں قومی فٹ بال لیگ کے میچ جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو شیڈیول کئے جاتے ہیں۔ تین دِنوں کے شیڈیول کو ایک میچ ڈے کہا جاتا ہے۔ بنڈس لیگا میں کُل چونتیس میچ ڈے ہیں۔ چھٹے میچ ڈے کی شروعات ہو چکی ہے۔

https://p.dw.com/p/JkOP
چھٹے میچ ڈے کا پہلا میچ شالکے اور وولفس برگ کے درمیان کھیلا گیا۔تصویر: picture-alliance/ dpa

جرمن قومی فٹ بال لیگ بنڈس لیگا کے چھٹے میچ ڈے کا آغاز ہو گیا ہے۔ اِس کے پہلے دِن صرف ایک میچ کھیلا گیا۔ شالکے ٹیم کا مقابلہ دفاعی چیمپئن وولفس برگ کے ساتھ تھا۔ میدان سے باہر وولفس برگ کے سابق کوچ اور شالکے کے موجودہ کوچ فیلکس میگاتھ بھی تھے۔

میچ میں وولفس برگ کو کامیابی حاصل ہوئی۔ شالکے کی ٹیم ایک گول سے ہار گئی۔ وولفس برگ کی جانب سے دو گول کئے گئے۔ اِس کامیابی سے وولفس برگ کی ٹیم دسویں پوزیشن سے چھلانگ لگا کر پانچویں پوزیشن پر ضرور آ گئی ہے لیکن یہ پوزیشن ہفتہ کے دِن کھیلے جانے والے میچوں کے بعد تبدیل ہو جائے گی۔

Fußball 1. Bundesliga: Schalke 04 - Vfl Wolfsburg
فیلکس میگاتھتصویر: AP

میونخ اور بریمن کی ٹیموں نے بھی اپنے اپنے میچ کھیلنے ہیں اور اُن کی کامیابی سے ردوبدل یقینی ہے۔ ہفتہ کے روز چھ میچ کھیلے جائیں گے۔ فیلکس میگاتھ کی نئی ٹیم شالکے اچھی پوزیشن کے ساتھ چل رہی ہے۔ وہ اِس وقت تیسرے مقام پر ہے۔

یہ امر دلچسپ ہے کہ بطور دفاعی چیمپئن وولفس برگ نے مسلسل تین میچ ہارے ہیں۔ اگر وہ چوتھا میچ بھی ہار جاتی ہے تو بنڈس لیگا کی تاریخ میں ایسا پہلی مرتبہ ہو گا کہ دفاعی چیمپئن نے لگاتار چار میچ ہارے ہوں۔

بنڈس لیگا کے چھٹے میچ ڈے کے دوسرے دِن جو چھ میچ کھیلے جا رہے ہیں، ان میں فی الحال ٹاپ پوزیشن کی حامل ہیمبرگ بھی اپنا میچ کھیلے گی۔ ہیمبرگ کی ٹیم کا مقابلہ فرینکفرٹ کی ٹیم سے ہے، جو آج کل اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ اِس مناسبت سے ہیمبرگ اور فرینکفرٹ کے درمیان زوردار میچ کی توقع کی جا رہی ہے۔ یہ میچ پوزیشنوں میں تبدیلی کا باعث ہوگا۔کامیابی کی صورت میں ہیمبرگ کی ٹیم اپنی پوزیشن مستحکم بنائے گی اور ہار کی صورت میں وہ اِس مقام سے نیچے آ جائے گی اور پہلی پوزیشن پر بائر لیورکوزن کی ٹیم آ جائے گی۔ اگر اتوار کو بائر لیورکوزن کی ٹیم میچ جیت جاتی ہے تو وہ پہلی پوزیشن کو مزید بہتر کر سکتی ہے۔ بائر لیوکوزن اور ہیمبرگ کے تیرہ تیرہ پوائنٹس ہیں لیکن گول اوسط پر پہلی اور دوسری پوزیشن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اِس میچ میں کامیابی سے فرینکفرٹ کی ٹیم چوتھے مقام سے اوپر جا سکتی ہے۔

Fußball Champions League - VfL Wolfsburg - ZSKA Moskau
وولفس برگ کے فارورڈ گرافٹےتصویر: AP

پانچ میچ ڈے مکمل ہونے کے بعد دو ٹیمیں نو نو پوائنٹس کے ساتھ تیسرے اور چوتھے مقام پر ہیں۔ یہ ٹیمیں ہیں فرینکفرٹ اور شالکے۔ اِس کے علاوہ چار ٹیمیں ایک جیسے پوائنٹس رکھتی ہیں۔ آٹھ پوائنٹس کے ساتھ بائرن میونخ ، ویردر بریمن، ہوفن ہائیم اور مائنز کی ٹیمیں ہیں۔ گول اوسط کی بنیاد پر یہ چھٹے سے نویں مقام پر فائز ہیں۔

گزشتہ سالوں میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی ٹیم ہیرتھا برلن سردست بنڈس لیگا میں اپنی بقا کی کوششوں میں ہے۔ ابھی اٹھائیس میچ ڈے باقی ہیں اور کچھ بھی ہو سکتا ہے۔ اگر ہیرتھا کی یہی صورت حال رہی تو وہ تنزلی کا شکار ہو سکتی ہے۔ اِس مناسبت سے اگلے دِنوں میں ہیرتھا کو اپنی مجموعی حکمت عملی پر غور کرنے کی ضرورت ہے بصورت دیگر نوشتہٴ دیوار تو موجود ہے۔ کولون کی ٹیم نے ایک بڑی مالیت سے پوڈولسکی کو حاصل کیا تھا مگر اب تک کے پانچ میچ ڈے میں کولون کی ٹیم بھی ہیرتھا کے ساتھ ہے۔ دونوں ٹیمیں بالترتیب سترہویں اور اٹھارہویں پوزیشن پر ہیں۔