1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا کے 48 ویں سیزن کا آغاز

21 اگست 2010

جرمن فٹ بال لیگ بنڈس لیگا کے 48 ویں سیزن کا پہلا میچ دفاعی چپمپئن بائرن میونخ اور وولفسبرگ کے مابین کھیلا گیا۔ عالمی کپ میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرنے والے باستیان شوائن شٹائیگر نے میونخ کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

https://p.dw.com/p/Osvk
Logo Bundesliga

بنڈس لیگا کا آغاز بائرن میونخ کی جیت سے ہوااور اس طرح 48 ویں سیزن کے آغاز پر ہی میونخ کی برتری قائم ہو گئی۔کھیل کے آخری لمحات میں باستیان شوائن شٹائیگر نے گول کر کے میونخ کو وولفسبرگ پر دو ایک کی فتح دلائی۔

69 ہزار تماشائیوں کے سامنے عالمی کپ میں جرمنی کی جانب سے سب سے زیادہ گول کرنے والے تھومس ملّر نے کھیل کے9ویں منٹ میں گول کرکے میونخ کو برتری دلا دی۔ دوسرے ہاف کے شروع ہوتے ہی وولفسبرگ کے کھلاڑی ایڈن زیکو نے گول کر کے یہ برتری ختم کر دی۔ ماہرین کے مطابق یہی وہ وقت تھا، جب وولفسبرگ کی ٹیم میچ پرحاوی نظر آئی۔ میچ برابر ہوتے ہی میونخ کے شائقین کے چہروں پر مایوسی چھا گئی اور وہ جس جیت کے ساتھ سیزن کا آغاز کرنا چاہتے تھے، وہ مشکل دکھائی دے رہی تھی۔

میچ کے آخری لمحات میں بائرن میونخ نے ایک مرتبہ پھر وولفسبرگ پر دباؤ میں اضافہ کیا اور نوے منٹ مکمل ہونے کے بعد، جو اضافی وقت دیا گیا، اس میں ان کی کوششیں رنگ لائیں اور باستیان شوائن شٹائیگر بال کو گول میں پھیکنے میں کامیاب ہو گئے۔

Bastian Schweinsteiger
باستیان شوائن شٹائگر نے گول کر میونخ کو وولفسبرگ پر دو ایک کی فتح دلائیتصویر: AP

میونخ کی ٹیم کے کپتان مارک فان بُومل نےکہا کہ تین پوائنٹ حاصل کرنے سے نا صرف بے انتہا خوشی ہوئی ہے بلکہ وہ اچھا محسوس بھی کر رہے ہیں۔ تھومس ملر نےکھیل کے اس حصے پر شدید غصے کا اظہار کیا، جس میں میونخ کی ٹیم کی گرفت کمزور ہوئی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’ معلوم نہیں دس منٹ کے بلیک آؤٹ کی کیا وجہ تھی اور جب ایسا ہو تونقصان ہی اٹھانا پڑتا ہے۔ ہمارے ساتھ بھی ایسا ہی ہوا اور وولفسبرگ میچ برابر کرنے میں کامیاب ہو گئی۔‘‘

وولفسبرگ کے کھلاڑی کھیل کے پہلے ہاف کے دوران اپنے کھیل سے بہت نالاں نظر آئے۔ وولفسبرگ کی جانب سے گول کرنے والے ایڈن زیکوکا کہنا تھا کہ ’’ ہم پہلے ہاف میں سوئے ہوئے تھے اور ہم بہت دباؤ میں کھیلے۔‘‘

بنڈس لیگا کے 48 ویں سیزن کے پہلے میچ ڈے میں کل نو میچز کھیلے جائیں گے۔ آج ہفتےکے روز چھ مقابلے ہونگے، جس میں ہافن ہائم اور بریمن کے میچ کو سب سے زیادہ اہمیت دی جا رہی ہے۔ بنڈس لیگا کے مقابلے 197 ممالک میں براہ راست دکھائے جا رہے ہیں۔

رپورٹ : عدنان اسحاق

ادارت : ندیم گِل