1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا میں بریمن کی پوزیشن بہتر

26 ستمبر 2011

جرمن قومی فٹ بال چیمپیئن شپ بنڈس لیگا کا ساتواں میچ ڈے مکمل ہو گیا ہے۔ اس کے اختتام پر بریمن کی ٹیم کو پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن حاصل ہو گئی ہے۔ بائرن میونخ بدستور نمبر وَن ہے۔

https://p.dw.com/p/12gGe
بریمن کے کلاڈیو پزاروتصویر: dapd

بنڈس لیگا کے ساتویں میچ ڈے کے آخری روز اتوار کو بریمن کا سامنا ہیرتھا برلن سے ہوا۔ یہ مقابلہ بریمن نے دو ایک سے جیت لیا۔ اس میچ سے قبل پوائنٹس ٹیبل پر بریمن تیرہ پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر تھی۔ اس جیت نے اسے مزید تین پوائنٹس دلوائے، جن کی بدولت وہ دوسرے نمبر کی ٹیم مؤنشن گلاڈ باخ کو نیچے دھکیلتے ہوئے اس کی جگہ پر پہنچ گئی۔

مؤنشن گلاڈ باخ کے پوائنٹس بھی سولہ ہیں، تاہم گول اوسط کی بنیاد پر بریمن اب اس سے ایک قدم آگے ہے۔ اتوار ہی کو کولون نے ہوفن ہائیم کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے ہرایا۔ اس جیت کی بدولت کولون کی ٹیم کی پوزیشن بھی کافی بہتر ہوئی ہے اور وہ تیرھویں نمبر سے  دسویں نمبر پر پہنچ گئی ہے۔ اس وقت اس کے پاس دس پوائنٹس ہیں۔

بائرن میونخ اٹھارہ پوائنٹس کے ساتھ بدستور اوّل نمبر پر ہے۔ پوزیشن برقرار رکھنے کے لیے اسے اپنا آئندہ میچ بھی جیتنا ہی ہوگا، بصورت دیگر آئندہ میچ ڈے میں یہ مقام  بریمن یا مؤنشن گلاڈ باخ کو مل سکتا ہے۔

ہوفن ہائیم، شالکے اور ہینوور بارہ بارہ پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب چوتھے، پانچویں اور چھٹے نمبر پر ہیں۔ اشٹٹ گارٹ، ڈورٹمنڈ، نیوریمبرگ، کولون اور لیور کوزن دس دس پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب ساتویں، آٹھویں، نویں، دسویں اور گیارہویں نمبر پر ہیں۔ اس میچ ڈے کے ا‌ختتام پر کولون کی جیت نے لیور کوزن کو ایک پائدان نیچے دھکیل دیا ہے۔

Flash-Galerie Fussball 1. FC Koeln gegen TSG 1899 Hoffenheim Podolski nach Tor
کولون کی ٹیم بھی پوائنٹس ٹیبل پر اوپر آ گئی ہےتصویر: dapd

برلن کی ٹیم بھی گیارہیوں سے بارہویں نمبر پر پہنچ گئی ہے جبکہ وولفس برگ بارہویں سے تیرھویں نمبر پر آ گئی ہے۔ ان دونوں ٹیموں کے پوائنٹس نو نو ہیں۔

ساتویں میچ ڈے میں قبل ازیں ہونے والے مقابلوں میں بائرن میونخ نے بائر لیورکوزن کو ہرایا۔ شالکے نے فرائی برگ جبکہ دفاعی چیمپیئن ڈورٹمنڈ نے مائنز کو مات دی۔ وولفس برگ نے کائزرزلاؤٹرن کو شکست دی جبکہ مؤنشن گلاڈ باخ نے نیوریمبرگ کو پچھاڑا۔ آؤگس برگ اور ہینوور کا میچ برابر رہا جبکہ  ہیمبرگ نے اشٹٹ گارٹ کو ہرایا۔

 

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: شامل شمس

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں