1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا، بائرن میونخ پہلے نمبر پر آ گئی

12 دسمبر 2011

اتوارکو بنڈس لیگا کے سلسلے میں کھیلے گئے دو میچوں میں ڈورٹمنڈ اور کائزرزلاؤٹرن کا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا جبکہ پوائنٹس ٹبیل پر پہلی پوزیشن پر براجمان بائرن میونخ نے اشٹٹ گارٹ کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے ہرا دیا۔

https://p.dw.com/p/13Qs3
تصویر: dapd

بنڈس لیگا یعنی جرمن فیڈرل فٹ بال لیگ کے سولہویں میچ ڈے کے تیسرے اور آخری دن دو میچ کھیلے گئے۔ پہلا میچ بوروسیا ڈورٹمنڈ اور فرسٹ ایف سی کائزرزلاؤٹرن کے مابین ہوا۔ بنڈس لیگا کی دفاعی چیمپئن ڈورٹمنڈ کے لیے یہ میچ اگرچہ آسان تصور کیا جا رہا تھا لیکن کائزرزلاؤٹرن نے اس میچ میں عمدہ کھیل پیش کیا اور اسے ایک ایک گول سے برابر کر دیا۔

ڈورٹمنڈ کے اس اہم میچ کا کوئی نتیجہ نہ نکلنے کے باعث اب اس کے پوائنٹس 31 ہو گئے ہیں اور وہ لیگ ٹیبل پر دوسرے نمبر پر ہے۔ شالکے کے بھی اکتیس پوائنٹس ہی ہیں لیکن وہ گول اوسط کی بنیاد پر لیگ ٹیبل پر تیسرے نمبر پر ہے۔ شالکے نے جمعہ کو برلن کی ٹیم کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی تھی۔

VfB Stuttgart und Bayern München in Stuttgart 10.12.2011
اتوار کو کامیاب ہونے کے ساتھ ہی میونخ کو رواں سیزن کے دوران موسم خزاں کی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل ہو گیا ہےتصویر: dapd

اتوار کے دن کھیلے گئے ایک اور اہم میچ میں میونخ کی ٹیم نے اشٹٹ گارٹ کو دو ایک سے ہرا دیا۔ یوں اس کے مجموعی پوائنٹس کی تعداد چونتیس ہو گئی ہے۔ 16 ویں میچ ڈے کے اختتام پر اسے لیگ ٹیبل پر پہلے نمبر کی ٹیم ہونے کا اعزاز حاصل ہوا۔ اشٹٹ گارٹ کے بائیس پوائنٹس ہیں اور یوں وہ لیگ ٹیبل پر ساتویں نمبر پر ہے۔

لیگ کی کمزور ترین ٹیم سے شکست کھانے کے باوجود مؤنشن گلاڈ باخ کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر چوتھے نمبر پر ہے۔ اس کے پوائنٹس تیس ہیں۔ اگر وہ ہفتہ کے دن آؤگسبرگ کے خلاف کھیلا گیا اپنا میچ جیت جاتی تو اسے لیگ ٹیبل پر دوسری پوزیشن حاصل ہو جاتی۔

گزشتہ روز وولفس برگ کو ایک کے مقابلے میں چار گول سے شکست دینے والی ٹیم ویردربریمن سولہویں میچ ڈے کے اختتام پر انتیس پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے جبکہ ہینوور کے ساتھ اپنا میچ صفر صفر سے برابر کھیلنے والی ٹیم لیورکوزن چھبیس پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے۔

بنڈ س لیگا کے رواں سیزن کے سترہویں میچ ڈ ے کا آغاز سولہ دسمبر بروز جمعہ کو ہو گا۔ اس دن کھیلے جانے والے واحد میچ میں بائرن میونخ اور فرسٹ ایف سی کولون آمنے سامنے ہوں گے۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: امجد علی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں