بن لادن کی بیویوں سے امریکی حکام کی تفتیش، سی این این
13 مئی 2011خفیہ امریکی آپریشن کے دوران اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے بعد اسامہ کی تین بیویوں کو پاکستانی سکیورٹی حکام نے حراست میں لے لیا تھا۔ سی این این کی اطلاعات کے مطابق اسامہ کی بیگمات کو ایک گروپ کی شکل میں انٹرویو کیا گیا۔
سی این این نے ایک پاکستانی اور دو امریکی اہلکاروں کے حوالے سے بتایا ہے کہ امریکی تفتیش کاروں کی طرف اسامہ بن لادن کی بیویوں کا ردعمل واضح طور پر ’معاندانہ‘ تھا۔ اس تفتیشی انٹرویو کے دوران پوچھے گئے تمام سوالات کا جواب اسامہ بن لادن کی سب سے بڑی بیوی نے دیے۔ اس دوران پاکستانی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کے اہلکار بھی موجود رہے۔
سی این این نے امریکی اور پاکستانی حکومتوں کے حوالے سے یہ بھی بتایا ہے کہ ریمنڈ ڈیوس کے معاملے اور اسامہ بن لادن کی ہلاکت کی وجہ سے دونوں ممالک کی خفیہ ایجنسیوں کے درمیان تناؤ کے باوجود ’انٹیلیجنس شیئرنگ‘ کا سلسلہ جاری ہے۔
واشنگٹن کی طرف سے اسلام آباد سے مطالبہ کیا جا رہا تھا کہ دونوں ملکوں کے درمیان بڑھتے ہوئے شکوک وشبہات کو کم کرنے کے لیے اسامہ کی پاکستان میں موجودگی کی مکمل تحقیقات کی جائیں، مزید یہ کہ پاکستانی حکام کے زیر حراست اسامہ بن لادن کی بیواؤں سے تفتیش کی اجازت دی جائے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ اسامہ بن لادن کے روپوش رہنے اور القاعدہ نیٹ ورک کی کارروائیوں اور ان میں اسامہ بن لادن کے کردار کے حوالے سے بن لادن کی بیواؤں سے اہم معلومات مل سکتی ہیں۔
رپورٹ: افسر اعوان
ادارت: مقبول ملک